جماعت اسلامی سے پٹرولیم لیوی پر حکومت کے مذاکرات :پٹرول 12.90،ڈیزل 3.72روپے مزید مہنگا

جماعت اسلامی سے پٹرولیم لیوی پر حکومت کے مذاکرات :پٹرول 12.90،ڈیزل 3.72روپے مزید مہنگا

6 تجاویزدیدیں :لیاقت بلوچ، بعض جگہ حکومت مجبور ہوتی ہے :احسن اقبال ،پرسوں پھر مذاکرات،پٹرول 358 روپے 77 پیسے ، ڈیزل381 روپے 77 پیسے فی لٹر ہوگیا دھرنے جاری ، آئی پی پیز کا فرانزک آڈٹ کرائیں تو بڑے بڑے بے نقاب ہونگے ،پٹرولیم لیوی کسی صورت منظور نہیں ،لانگ مارچ سے قبل ٹرین مارچ ہوگا:حافظ نعیم

اسلام آباد(اپنے رپورٹرسے ،نامہ نگار،دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک)جماعت اسلامی اور حکومت کے وفود کے درمیان پٹرولیم لیوی کے خاتمے اور عوام کو ریلیف دینے کے معاملے پر مذاکرات کا پہلا دور مکمل ہو گیا، جماعت اسلامی نے حکومتی کمیٹی کو لیوی ختم کرنے کیلئے 6 اہم تجاویز پیش کر دیں، اگلا مذاکراتی دور جمعرات کو ہوگا۔دوسری طرف حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بہت بڑا اضافہ کرتے ہوئے پٹرول 12.90جبکہ ڈیزل 3.72روپے مزید مہنگا کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روزجماعت اسلامی پاکستان کے 6رکنی وفد نے اسلام آباد میں وزارتِ منصوبہ بندی جا کر حکومتی کمیٹی سے مذاکرات کئے ، حکومت کی طرف سے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی زیرقیادت کمیٹی میں معاون خصوصی رانا ثنا اللہ، وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک ، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی ،جبکہ دوسری طرف نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ کی زیر قیادت کمیٹی میں فراست شاہ، نصراللہ رندھاوا، عنایت اللہ خان، ضیائالدین انصاری ، نوید علی بیگ اور شاہد نعیم شامل تھے ۔ مذاکرات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں لیاقت بلوچ نے کہا کہ مذاکرات کا پہلا راؤنڈ خوشگوار ماحول میں ہوا ، ہم نے 6 اہم تجاویز حکومتی ٹیم کے سامنے رکھی ہیں ،توقع ہے مذاکرات کے اگلے راؤنڈ میں عوام کو ریلیف ملے گا ۔

وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ جماعت اسلامی سے تجاویز موصول ہو چکیں، متعلقہ اداروں سے رائے حاصل کی جائے گی ، حکومت کبھی نہیں چاہتی عوام پر بوجھ پڑے لیکن بعض جگہ حکومت مجبور ہوتی ہے ۔ اس موقع پر ایک صحافی نے رانا ثنا اللہ سے   صوبوں سے متعلق سوال کیا توانہوں نے جواب میں کہا کہ اس موقع پر پٹرولیم لیوی سے متعلق ہی سوال کریں ،صوبوں سے متعلق سوال کا جواب کسی اور موقع پر دیا جاسکتا ہے ۔دوسری طرف پیر کو وزارت پٹرولیم کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 12روپے 90پیسے فی لٹر اضافہ کر دیا گیا ، جس کے بعد پٹرول کی قیمت 345 روپے 87 پیسے سے بڑھ کر 358 روپے 77 پیسے فی لٹر ہو گئی جبکہ ڈیزل کی قیمت 3 روپے 72پیسے فی لٹر بڑھا دی گئی ،--جس کے بعد ڈیزل 378 روپے 05 پیسے سے بڑھ کر 381 روپے 77 پیسے کا فی لٹر ہو گیا ، نئی قیمتوں کا اطلاق آج 8 ستمبر بروز منگل کیلئے ہو گا ۔ 

 لاہور(سیاسی نمائندہ،مانیٹرنگ ڈیسک) جماعت اسلامی پاکستان کے پٹرولیم لیوی اور مہنگائی کے خلاف ملک گیر دھرنے 23ویں روز بھی جاری رہے ،لاہور میں مال روڈ فیصل چوک میں پنجاب اسمبلی کے سامنے احتجاج کیا گیا ،اس موقع پر دھرنے کے شرکاء سے  خطاب اور پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ہمیں دھرنوں کا شوق نہیں ، حکومت عوام کے ساتھ جو زیادتی کر رہی ہے اس کے خلاف میدان میں نکلے ہیں ،آئی پی پیز کا فرانزک آڈٹ کرایا جائے تو بڑے بڑے بے نقاب ہونگے ،پٹرولیم لیوی کسی صورت منظور نہیں ، حکومت جس طرح قیمتیں بڑھا رہی ہے وہ عوام کو لوٹنے کے مترادف ہے ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی مذاکراتی ٹیم نے حکومتی ٹیم سے مذاکرات کیے ، حکومت نے مختلف محکموں سے مشاورت کے لیے وقت مانگا ہے ، ہم نے تجویز دی ہے کہ غریب عوام پر نہیں بلکہ اشرافیہ پر ٹیکس لگایا جائے ۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ عام آدمی 80 روپے سے زائد لیوی ٹیکس ادا کررہا ہے ، حکومت شرح سود میں 3 فیصد کمی اور آئی پی پیز کو سالانہ 1700ارب کی ادائیگیاں روک لے تو اربوں روپے بچائے جاسکتے ہیں اور پٹرولیم لیوی ختم بھی ہوسکتی ہے ،لاہور ہائی کورٹ میں دھرنے کیخلاف دائر درخواستوں کے پیچھے حکومت ہی ہے ، ججز کو عوامی مسائل کا ادراک کرتے ہوئے زیر التوا 24 لاکھ مقدمات کا بھی حل نکالنا چاہیے ۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ مریم نواز اور مراد علی شاہ نے سرکاری تعلیم کو تباہ کر دیا، حکمرانوں کو مطالبات تسلیم کرنے پر مجبور کریں گے ،پٹرول کی قیمتوں میں روزانہ اضافے کا دھندا ختم کرنا ہوگا ، مطالبات تسلیم نہ ہونے کی صورت میں پہیہ جام ، شٹر ڈاؤن اور اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا آپشن موجود، اس سے قبل ٹرین مارچ ہوگا، کارکن تیار رہیں ۔ امیر جماعت اسلامی نے یوم ختم نبوت کی مناسبت سے گفتگو کرتے کہا کہ ختم نبوت کے حوالے سے کردار ادا کرنے والی تمام مذہبی جماعتوں اور علماء اکرام کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔ انہوں نے یوم فضائیہ کے حوالے سے پاک فضائیہ کی ہندوستان کے خلاف جنگ میں فتح پر بنیادی کردار کی تحسین کی اور افواج پاکستان کی دفاع وطن کیلئے خدمات کو سراہا ۔ 

 

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...