پٹرولیم قیمتوں میں مسلسل اضافہ افسوسناک : سہیل آفریدی
غیر متعلقہ لوگ حکومتی ، محکمانہ امور میں مداخلت کر رہے :کابینہ سے خطاب وزیراعلیٰ پختونخوا کے دورہ پنجاب کا روٹ میپ جاری ،کل لاہور پہنچیں گے
پشاور،لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک،سیاسی نمائندہ) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا وفاق کی طرف سے پٹرول کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ انتہائی افسوسناک ہے، اس اضافے کا بوجھ غریب عوام پر پڑ رہا ہے ،عوامی مینڈیٹ پر ڈاکا ڈال کر مسلط ہونے والوں کا وطیرہ صرف اپنی جیبیں بھرنا ہے ، عوامی ریلیف ان کی ترجیحات میں شامل نہیں ،غیر متعلقہ لوگ حکومتی اور محکمانہ امور میں مسلسل مداخلت کر رہے اور افسران کو ڈرا دھمکا رہے ہیں۔ صوبائی کابینہ کے اجلاس سے خطاب میں وزیراعلیٰ پختونخوا نے مزید کہا کہ ایک طرف پٹرول قیمتوں میں اضافہ، دوسری طرف قرضے لے کر ملک چلایا جا رہا ہے ،74 سال میں 43 ہزار ارب روپے قرضہ لیا گیا، موجودہ جعلی حکومت نے پانچ سال میں قرضہ 97 ہزار ارب روپے تک پہنچا دیا ، یہ بوجھ غریب عوام کو اٹھانا پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کی جعلی وزیر اعلیٰ کے حالیہ بیان کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، ذاتی مفادات کی خاطر قومی مفادات کو نقصان پہنچانا ان کا وطیرہ ہے ، پختونخوا کے خلاف وفاقی وزراء کے بیانات کی بھی شدید مذمت کرتے ہیں،پختونخوا کے عوام اور حکومت میں تشویش ہے کہ ہمارے ساتھ کیا کرنے جا رہے ہیں ، چھوٹے صوبوں کے خلاف تعصب بھرا رویہ نفرتیں بڑھائے گا ۔وزیراعلیٰ پختونخوا نے کہا کہ این ایل سی کے سی اینڈ ڈبلیو منصوبوں میں ناقص کارکردگی اور کام نہ کرنے پر بطور سپیشل اسسٹنٹ کچھ کنٹریکٹس منسوخ کئے تھے ، غلط طریقے سے کنٹریکٹ لینے کی کوشش کامیاب نہیں ہوگی ، میں اپنی کابینہ اور افسران کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا ہوں، افسران کو ڈرانے یا دھمکانے والوں کے خلاف آخری حد تک کھڑا رہوں گا۔
دوسری طرف پی ٹی آئی سینٹرل پنجاب نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے دورہ پنجاب کا روٹ میپ جاری کر دیا ہے جس کے مطابق سہیل آفریدی کل 14 ستمبر کو لاہور پہنچیں گے ، سہیل آفریدی آج 13 ستمبر کو داؤد خیل، پائی خیل اور روگڑی ،سرگودھا، لالیاں اور چنیوٹ سے ہوتے ہوئے فیصل آباد پہنچ کر قیام کریں گے اور کل14 ستمبر کو شاہکوٹ اور شیخوپورہ سے ہوتے ہوئے لاہور پہنچیں گے ،دورے کا مقصد 27 ستمبر کی کال کیلئے پنجاب کے عوام کو متحرک کرنا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments