لانگ مارچ :پی ٹی آئی کے 100سے زائد کارکن نظر بند
تمام کارکنوں کو 30دن کیلئے اڈیالہ جیل میں نظر بند کیا گیا :پولیس ذرائع لاہور میں 600سے زائد کارکنوں کی فہرستیں تیار ،گھروں پر جا کر پوچھ گچھ
اسلام آباد ،لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)حکومت نے 27 ستمبر کے ممکنہ لانگ مارچ کے پیش نظرراولپنڈی ڈویژن میں تحریک انصاف کے 100 سے زائد سرگرم کارکنوں کو نظر بند کر دیا جبکہ لاہور میں پولیس نے 600سے زائد کارکنوں کی فہرستیں تیارکر لی اور 452 کے گھروں پر جا کر پوچھ گچھ بھی شروع کردی۔پولیس ذرائع کے مطابق راولپنڈی ڈویژن میں ڈسٹرکٹ انٹیلیجنس کمیٹی کی سفارش پر 3 ایم پی او کے تحت پی ٹی آئی کارکنوں کی نظربندی کے احکامات جاری کر دیئے گئے جس کے بعد مجموعی طور پر 106 پی ٹی آئی کارکن 30 دن کیلئے اڈیالہ جیل میں نظر بند بند کر دیئے گئے ہیں۔،
ان کارکنوں میں راولپنڈی سے 31، اٹک 35، چکوال 23، جہلم سے 13 اور واہ کینٹ سے بھی 4 پی ٹی آئی کارکنوں کو نظر بند کیا گیا ہے ۔ دوسری طرف پی ٹی آئی کے ممکنہ مارچ کے پیش نظر لاہور پولیس تحریک انصاف کے 452 متحرک کارکنوں کے گھروں پر پہنچ گئی اور امن و امان خراب نہ کرنے کے حوالے سے ضمانت لینے کا سلسلہ شروع کردیا، متعدد کارکنان گرفتاریوں کے خوف سے روپوش ہوگئے ۔صدر ڈویژن پولیس نے 122 کارکنوں ، ماڈل ٹاؤن ڈویژن نے 111 ، کینٹ ڈویژن نے 142 اورسول لائنز ڈویژن نے 77 کارکنوں کے دروازے پر دستک دی ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ امن و امان خراب کرنے والوں کی گرفتاری عمل میں لائی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments