لاہور میں بارش ، حبس اور گرمی برقرار، لوڈشیڈنگ بھی جاری
درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ، آئندہ ہفتے مزید بارشوں کی پیشگوئی بدین اور ساحلی علاقوں میں موسم خوشگوارہوگیا ،آسمانی بجلی گرنے سے 2افراد زخمی
لاہور ،کراچی،بدین(نیوز ایجنسیاں)لاہور کے مختلف علاقوں میں گزشتہ روز بارش ہوئی تاہم اس کے باوجود شدید حبس اور گرمی کی شدت برقرار رہی ، اس دوران غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کا جینا حرام کر دیا ۔ شہر کا درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا ۔ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آئندہ ہفتے کے دوران لاہور کے مختلف حصوں میں گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے ، جس سے گرمی اور حبس کا زور ٹوٹنے کی توقع ہے ۔ادھر سندھ میں بدین اور تھرپارکر سے ملحقہ علاقوں سمیت ساحلی پٹی میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا، جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوشگوار ہوگیا تاہم اس دوران بدین میں آندھی کے باعث مختلف مقامات پر درخت، سائن بورڈز اور بجلی کی تاریں گرنے کے واقعات بھی پیش آئے جبکہ 300 سے زائد دیہات کی بجلی بھی معطل ہو گئی۔علاوہ ازیں ضلع بدین کے قصبہ پنگریو میں آسمانی بجلی گرنے سے کھیتوں میں کام کرنے والے 2 محنت کش مہتاب احمدانی اور عبد الحمید احمدانی زخمی ہو گئے ۔ مزید برآں محکمہ موسمیات نے کراچی میں آج(پیر)اور کل(منگل)کوگرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کی پیشگوئی کردی ہے ، سندھ کے مختلف اضلاع میں 15 ستمبر تک وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments