روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس میں 13 ارب 90 کروڑ ڈالر موصول
گزشتہ ماہ بیرون ملک پاکستانیوں نے 25 کروڑ 90 لاکھ ڈالر جمع کرائے اکاؤنٹس کی تعداد 9لاکھ 66 ہزار سے متجاوز، اسٹیٹ بینک کے اعداد وشمار
کراچی (این این آئی)اسٹیٹ بینک کے مطابق روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس میں گزشتہ ماہ تک مجموعی 13 ارب 90 کروڑ ڈالر سے زائد موصول ہوچکے ، جبکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے صرف اگست کے دوران 25 کروڑ 90 لاکھ ڈالر جمع کرائے ۔مرکزی بینک کے اعدادوشمار کے مطابق اگست میں 9 ہزار 354 نئے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کھولے گئے ، جس کے بعد ان اکاؤنٹس کی مجموعی تعداد 9 لاکھ 66 ہزار 144 ہوگئی ہے ۔ اعدادوشمار کے مطابق روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کے ذریعے اب تک 2 ارب 13 کروڑ ڈالر واپس بھیجے جاچکے ہیں، جبکہ اگست میں اکاؤنٹس سے ایک کروڑ 20 لاکھ ڈالر نکلوائے گئے ۔ اگست کے دوران جمع شدہ رقوم میں سے 16 کروڑ 40 لاکھ ڈالر مقامی سطح پر استعمال ہوئے ، جبکہ اب تک مجموعی طور پر 8 ارب 70 کروڑ ڈالر ملک میں استعمال کیے جاچکے ہیں۔اسٹیٹ بینک کے مطابق اگست 2026ء تک روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس میں تقریباً 3 ارب ڈالر جمع ہیں۔اعدادوشمار کے مطابق نیا پاکستان روایتی سرٹیفکیٹس میں مجموعی طور پر 71 کروڑ 60 لاکھ ڈالر جبکہ نیا پاکستان اسلامی سرٹیفکیٹس میں ایک ارب 33 کروڑ 20 لاکھ ڈالر جمع کرائے گئے ۔ روشن ایکوئٹی سرمایہ کاری کے ذریعے 16 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی، جبکہ گزشتہ 6 برس کے دوران روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کے ذریعے مجموعی طور پر 2 ارب 20 کروڑ ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کی جاچکی۔مرکزی بینک کے مطابق روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ملک میں بینکاری، سرمایہ کاری اور دیگر مالیاتی سہولیات تک رسائی فراہم کرنے کا اہم ذریعہ بن چکے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments