ای آفس سے متاثر ملازمین کی نئی تعیناتی کیلئے کمیٹی قائم

ای آفس سے متاثر ملازمین کی نئی تعیناتی کیلئے کمیٹی قائم

کمیٹی ملازمین کی دوبارہ تعیناتی، دوسرے اداروں میں خدمات اور مہارتوں کا جائزہ لے گی وفاقی وزارتوں سے اسامیوں، ملازمین کے فرائض اور ای آفس نظام کی تفصیلات طلب

 اسلام آباد (ایس ایم زمان)وزیراعظم نے وفاقی وزارتوں، ڈویژنز اور محکموں کے امور ای آفس پر منتقل ہونے کے بعد روایتی طریقے سے کام کرنے والے ملازمین کی نئی تعیناتی اور نئی مہارتیں سکھانے کے لیے سفارشات تیار کرنے کی غرض سے کابینہ سیکریٹری کی سربراہی میں کمیٹی قائم کر دی ۔اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے مراسلے کے مطابق کمیٹی ان ملازمین کا جائزہ لے گی جن کے فرائض سرکاری امور ای آفس پر منتقل ہونے کے بعد تبدیل ہو گئے ہیں۔ کمیٹی سفارشات دے گی کہ ایسے ملازمین کو کہاں دوبارہ تعینات کیا جا سکتا ہے ، کن اداروں میں ان کی خدمات سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے اور کن ملازمین کو نئے کام کے لیے نئی مہارتیں سکھانے کی ضرورت ہے ۔وفاقی وزارتوں سے سیکرٹریٹ، ماتحت محکموں اور ذیلی دفاتر میں مختلف اسامیوں کی منظور شدہ تعداد اور ان پر تعینات ملازمین کی تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔

ان میں نچلے و بالائی درجے کے کلرک، معاون، نگران، مختصر نویس، نجی سیکرٹری، ریکارڈ کیپر، ڈاک پہنچانے والا، دفتر کا معاون، قاصد اور نائب قاصد سمیت دیگر متعلقہ عہدے شامل ہیں۔وزارتوں کو ملازمین کے روایتی فرائض، فائلوں اور ریکارڈ کی دیکھ بھال، ڈاک و مراسلات کی ترسیل، لکھائی یا ٹائپنگ، فون کالز اور آنے والے افراد سے رابطے جیسے کاموں کی تفصیلات بھی فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔مراسلے میں ہر محکمے اور ذیلی دفتر میں ای آفس نظام کے نفاذ سے متعلق معلومات بھی طلب کی گئی ہیں۔ وزارتوں کو مقررہ نمونے کے مطابق معلومات فوری فراہم کرنے اور ایک رابطہ افسر مقرر کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔دستاویز کے مطابق معلومات کی بنیاد پر ایسے ملازمین کی دوبارہ تعیناتی، دوسرے اداروں میں خدمات جاری رکھنے یا نئی مہارتیں حاصل کرنے کے مواقع سے متعلق سفارشات تیار کی جائیں گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...