کاغذات کی تصدیق کیلئے غیرقانونی چینل،وزارت خارجہ میں12ارب کا سکینڈل
اسلام آباد (ذیشان یوسفزئی)شہریوں کے کاغذات کی تصدیق کے معاملہ میں وزارت خارجہ کا بڑا سکینڈل سامنے آ گیا ۔ شہریوں کے کاغذات کی تصدیق میں غیر قانونی طور پر 12 ارب روپے اینٹھے جانے کا انکشاف ہوا ہے ۔
روزنامہ دنیا نے وزارت خارجہ میں جمع کرائی گئی تحقیقاتی رپورٹ کی نقل حاصل کرلی ۔ یہ رپورٹ سیکرٹری خارجہ کے آفس میں بھی جمع کرائی گئی ہے ، یہ بے ضابطگیاں ریٹائر ہونیوالی سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ کے دور میں ہوئیں جو کہ اب ترکیہ میں پاکستان کی سفیر تعینات کی جا رہی ہیں ۔رپورٹ ڈی جی آڈٹ انسپیکشن کی سربراہی میں چار رکنی کمیٹی نے تیار کی ہے ۔ روزنامہ دنیا کو دستیاب دستاویزات کے مطابق رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شہریوں سے کاغذات کی تصدیق کے غیر قانونی چینل استعمال کرنے کے 8 لاکھ روپے لیے جاتے رہے اور مجموعی طور پر ایک سال میں 12 ارب روپے کی رقم غیر قانونی طور پر اکٹھی کی گئی ۔ مزید بتایا گیا ہے کہ ایک نجی کوریئر کمپنی کا وزارت خارجہ کے ایک افسر سے مبینہ تعلق تھا۔رپورٹ میں مبینہ مافیا سے جڑ ے ان افسران و اہلکاروں کے نام اور بیانات بھی شامل ہیں ۔ رپورٹ کے مطابق مافیا میں سیکرٹری خارجہ کے دفتر میں کام کرنے والا ایک افسر جبکہ مختلف ونگز کے ڈی جیز، سابق ایڈیشنل سیکرٹری اور سابق سفارتکارکے نام بھی شامل ہیں۔ دفتر خارجہ ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ جولائی میں سیکرٹری خارجہ کے دفتر کو بھیجی گئی رپورٹ نیب یا تحقیقاتی ادارے کو نہیں بھجوائی گئی، کمیٹی کی سفارش کے باوجود ملوث افسران میں سے بعض کو بیرون ملک تعینات کیا گیا ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments