فرانس، اٹلی ودیگر ممالک میں پاکستانیوں کیلئے 71لاکھ ملازمتیں متوقع

 فرانس، اٹلی ودیگر ممالک میں پاکستانیوں کیلئے 71لاکھ ملازمتیں متوقع

فرانس میں کلینرز،ہیلپرز کیلئے 4 لاکھ 91 ہزار ، سیلز ورکرز کیلئے 3 لاکھ 79 ہزار ملازمتیں اٹلی میں ٹیچنگ پروفیشنلز کیلئے 5 لاکھ 41 ہزار 812 اسامیوں کے مواقع متوقع ہیں 2030 تک ترکیہ میں تعمیراتی لیبر کیلئے 4 لاکھ 32 ہزار ملازمتوں کی ضرورت :رپورٹ

 اسلام آباد (حریم جدون) پاکستانی ہنرمندوں اور نوجوانوں کیلئے بیرونِ ملک روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونے کی راہ ہموار ہوگئی۔ یورپ، جاپان، جنوبی کوریا اور ملائشیا سمیت مختلف ممالک میں پاکستانی افرادی قوت کیلئے 71 لاکھ 58 ہزار سے زائد ملازمتوں کے مواقع متوقع ہیں۔ نیوٹیک نے عالمی لیبر مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق پاکستانی ہنرمندوں کو تیار کرنے کیلئے اسکل ریفریشر، گرومنگ اور زبان کی تربیت سمیت مختلف پروگرامز شروع کرنے کی منصوبہ بندی کرلی۔نیوٹیک کے مطابق فرانس، اٹلی، ترکیہ، جاپان، جنوبی کوریا اور ملائشیا میں پاکستانی ہنرمندوں کیلئے مختلف شعبوں میں روزگار کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ فرانس میں کلینرز اور ہیلپرز کیلئے 4 لاکھ 91 ہزار 310، سیلز ورکرز کیلئے 3 لاکھ 79 ہزار 975 اور ڈرائیورز کیلئے 3 لاکھ 568 ملازمتیں متوقع ہیں۔ فرانس میں ہیلتھ کیئر ورکرز کیلئے 2 لاکھ 69 ہزار 989، تعمیراتی شعبے میں 2 لاکھ 31 ہزار 158، پرسنل کیئر ورکرز کیلئے 2 لاکھ 2 ہزار 349 جبکہ جنرل کلرکس کیلئے 1 لاکھ 97 ہزار 207 ملازمتوں کی پیش گوئی کی گئی ۔

اٹلی میں ٹیچنگ پروفیشنلز کی طلب زیادہ رہنے کا امکان ہے جہاں 5 لاکھ 41 ہزار 812 اسامیاں متوقع ہیں۔ جنرل کی بورڈ کلرکس کیلئے 3 لاکھ 94 ہزار 553، کلینرز کیلئے 3 لاکھ 49 ہزار 738، تعمیراتی شعبے کیلئے 2 لاکھ 94 ہزار 64 اور پرسنل کیئر کیلئے 2 لاکھ 81 ہزار 352 ملازمتوں کے مواقع متوقع ہیں۔ اٹلی میں ہاسپیٹلٹی و ریٹیل منیجرز کیلئے 2 لاکھ 36 ہزار 915 جبکہ ہیلتھ کیئر کے شعبے میں 2 لاکھ 36 ہزار 248 مواقع متوقع ہیں۔ترکیہ میں 2030 تک مائننگ اور کنسٹرکشن لیبر کیلئے 4 لاکھ 32 ہزار 156، میٹل و مشینری ورکرز کیلئے 3 لاکھ 60 ہزار 280 اور سیلز ورکرز کیلئے 3 لاکھ 41 ہزار 599 ملازمتوں کی ضرورت متوقع ہے ۔ ڈرائیورز و آپریٹرز کیلئے 1 لاکھ 45 ہزار 13 جبکہ کلینرز کیلئے 1 لاکھ 33 ہزار 366 اسامیاں متوقع ہیں۔جاپان میں آئی ٹی، ہاسپیٹلٹی، ہیلتھ کیئر اور کنسٹرکشن کے شعبوں میں پاکستانی ہنرمندوں کیلئے مواقع متوقع ہیں جبکہ جنوبی کوریا میں آٹوموبائل، مینوفیکچرنگ اور ہیلتھ کیئر کے شعبے پاکستانی افرادی قوت کیلئے اہم مواقع فراہم کرسکتے ہیں۔ ملائشیا میں آئی ٹی، ہاسپیٹلٹی، ایگری کلچر، کارپٹ اور سروسز سیکٹر میں پاکستانی ہنرمندوں کی طلب متوقع ہے ۔نیوٹیک نے عالمی مارکیٹ کی طلب کے مطابق پاکستانی امیدواروں کو تیار کرنے کیلئے زبان کی مہارت کے کورسز کرانے کی تیاری شروع کردی ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...