پٹرول ریلیف :شہریوں کی رہنمائی کیلئے سہولت ڈیسک بنایا جائے:شہباز شریف
سہولت ڈیسک میں انتظامیہ، رضاکار اور پٹرول پمپ عملہ شامل ہوگا، پمز انکوائری رپورٹ پراقدامات کا حکم سمیڈا زرعی اجناس کی پیداوار، تجارتی روابط منظم کرنے کیلئے حکمت عملی بنائے :وزیراعظم، فرانسیسی سفیر کی ملاقات
اسلام آباد (نامہ نگار، دنیا نیوز، اے پی پی) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عوام کیلئے پٹرول سبسڈی کے حصول کو آسان بنانے کیلئے انتظامیہ، رضاکاروں اور پٹرول پمپ عملے پر مشتمل سہولت ڈیسک قائم کرنے کا حکم دے دیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ڈیسک پر موجود افراد سکیم کے مستحق شہریوں کی رہنمائی کریں اور رجسٹریشن سمیت دیگر ضروری مراحل میں ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے ۔وزیراعظم نے یہ ہدایات پی ایم سپیشل ریلیف سکیم کی پیش رفت کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔ اجلاس میں انہیں فیول سبسڈی سکیم پر پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسلام آباد میں پائلٹ منصوبے کے افتتاح کے بعد اب آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ملک بھر میں سکیم کا افتتاح کیا جا چکا ہے ۔ سکیم میں رجسٹریشن کیلئے شناختی کارڈ نمبر، گاڑی کا نمبر، رجسٹریشن کا صوبہ اور گاڑی کی رجسٹریشن کی تاریخ درکار ہے ۔دریں اثنا وزیراعظم کی زیرصدارت پمز ہسپتال میں بہتری کیلئے لائحہ عمل کے جائزہ اجلاس میں انہیں ہسپتال کے نظام، فائر سیفٹی اور انکوائری رپورٹ کی سفارشات پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے انکوائری رپورٹ میں تجویز کردہ قلیل مدتی اقدامات آئندہ تین ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے پمز کو بین الاقوامی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور طویل مدتی اقدامات پر مشتمل جامع لائحہ عمل مرتب کرنے کا بھی حکم دیا۔
شہباز شریف نے فائر سیفٹی نظام کی بہتری کیلئے پی کے ایل آئی سے معاونت اور تجاویز لینے ، ادویات اور طبی سہولیات مفت فراہم کرنے کیلئے اقدامات لائحہ عمل میں شامل کرنے اور اچھی شہرت کی حامل افرادی قوت تعینات کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے پولی کلینک ہسپتال کا آڈٹ کرکے بے ضابطگیاں دور کرنے اور تنظیم نو کا لائحہ عمل مرتب کرنے کی ہدایت بھی کی۔ وزیراعظم نے سی ڈی اے کو اسلام آباد کے تمام سرکاری و نجی ہسپتالوں میں فائر سیفٹی اقدامات پر عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دیا۔ادھر وزیراعظم نے چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں اور کاروباری افراد کی مالی معاونت کیلئے سمیڈا کے اقدامات کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ زرعی اجناس کی پیداوار اور تجارتی روابط کو منظم کرنے کیلئے خصوصی اقدامات پر مشتمل حکمت عملی تیار کی جائے ۔ انہوں نے سمیڈا کو ملک بھر میں ایس ایم ایز اور کاروباری افراد کی مالی معاونت، پیشہ ورانہ استعداد کار میں اضافے اور عالمی منڈیوں تک رسائی کیلئے جامع حکمت عملی وضع کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعظم نے خواتین کی چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار میں شمولیت یقینی بنانے کیلئے سمیڈا کے جاری پروگرام کو مزید وسعت دینے کی بھی ہدایت کی۔علاوہ ازیں فرانس کے سبکدوش ہونے والے سفیر نکولس نے وزیراعظم شہباز شریف سے الوداعی ملاقات کی۔ وزیراعظم نے پاکستان اور فرانس کے تعلقات مزید مضبوط بنانے کیلئے سفیر کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ پاکستان فرانس کے ساتھ دیرینہ تعلقات کو مزید وسعت اور مضبوطی دے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments