پٹرول ریلیف سکیم میں 5 لٹر کی شرط ختم
اسلام آباد(نیوز رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات پر خصوصی ریلیف سکیم کے تحت اب تک ساڑھے 17 لاکھ سے زائد شہری رجسٹریشن کرا چکے ہیں۔
سکیم میں شفافیت اور عوامی سہولت کے لیے رجسٹریشن کا میسج مکمل طور پر مفت کر دیا گیا جبکہ پٹرول کی خریداری پر عائد 5 لٹر کی سابقہ حد اور شرائط بھی ختم کر دی گئی ہیں۔ 5 لٹر سے کم پٹرول ڈلوانے والے موٹر سائیکل، چنگ چی اور رکشہ مالکان کو ہفتے میں 500 روپے کی رعایت دی جائے گی جس کے لیے یکم جنوری 2006ء کے بعد رجسٹرڈ ہونے والی تمام 2 اور 3 پہیوں والی گاڑیاں اور رکشے اہل قرار دئیے گئے ہیں۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے شزا فاطمہ نے کہا اب تک کی کل رجسٹریشن میں 91.6 فیصد حصہ 2 اور 3 پہیوں والی گاڑیوں کا ہے جبکہ 800 سی سی گاڑیوں کے لیے 1 لاکھ 21 ہزار 991 فیول ٹوکن جاری کیے جا چکے ہیں۔
شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ 14 ستمبر سے شروع ہونے والے اس پروگرام میں عوامی ردعمل بے مثال رہا ہے اور 18 ستمبر سکیم کا مصروف ترین دن ثابت ہوا، جس میں صرف ایک دن کے اندر 5 لاکھ 11 ہزار 961 افراد رجسٹرڈ ہوئے اور 4 لاکھ 87 ہزار سے زائد فیول ٹوکن جاری کیے گئے ۔انہوں نے کہا کہ 14 ستمبر کو تقریباً 39 ہزار، 15 ستمبر کو 1.49 لاکھ، 16 ستمبر کو 3.49 لاکھ اور 17 ستمبر کو 3.85 لاکھ سے زائد شہریوں نے اندراج کرایا جبکہ اب تک مجموعی طور پر 6 لاکھ 55 ہزار سے زائد شہری اس ریلیف کے تحت فیول حاصل کر چکے ہیں۔وفاقی وزیر نے عوام سے کہا کہ وہ رجسٹریشن کا عمل صرف بتائے گئے سرکاری طریقہ کار سے مکمل کریں اور اپنا حساس ڈیٹا یا معلومات کسی غیر مصدقہ شخص یا ذریعے کے ساتھ شیئر نہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو مختلف طریقوں سے سہولت دینے پر بھی کام کر رہی ہے اور کسی بھی شکایت کی صورت میں شہری ہیلپ لائن نمبر 9771 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔علاوہ ازیں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی زیر صدارت ایندھن سبسڈی سے متعلق قومی سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں وزیراعظم کی خصوصی ریلیف سکیم پر ملک بھر میں پہلے 48 گھنٹوں کے دوران عمل درآمد اور عوامی ردعمل کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں موٹر سائیکل، رکشہ اور تین پہیوں والی گاڑیوں کے لیے ایک دفعہ میں کم از کم 5 لٹر پٹرول خریدنے کی شرط ختم کر دی گئی۔ اب مستحق افراد کو ہر ہفتے 500 روپے کا ٹوکن دیا جائے گا جو کسی بھی مقدار میں پٹرول خریدنے کے لیے استعمال کیا جا سکے گا۔ دو پہیوں اور تین پہیوں والی گاڑیوں کے لیے عمر کی حد 15 سال سے بڑھا کر 20 سال کر دی گئی جبکہ 800 سی سی تک گاڑیوں کے لیے موجودہ نظام میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ 800 سی سی تک گاڑیوں کے لیے ہر 10 دن بعد 10 لٹر کا ایک ٹوکن ملے گا جبکہ اس حساب سے ماہانہ 3 ٹوکن دئیے جائیں گے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments