سندھ میں 6 انتظامی یونٹ بننے اور مقدمات کھلنے جا رہے، فاروق ستار

سندھ میں 6 انتظامی یونٹ بننے اور مقدمات کھلنے جا رہے، فاروق ستار

حکمرانوں کے گھروں کے تہہ خانوں سے اربوں ڈالر برآمد ہوتے ہیں،میڈیاسے گفتگو

کراچی (دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما فاروق ستار نے کہا ہے کہ سندھ میں 6 انتظامی یونٹ بننے جارہے ہیں ،اتوار کی ریلی کرپٹ ترین حکومت کے خلاف علم بغاوت ہوگی۔شہر قائد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں اختیارات نچلی سطح پر منتقل کرنا ناگزیر ہوچکا ہے، سندھ کے عوام بنیادی سہولتوں اور حقوق سے محروم ہیں، پاکستان بنانے والوں کی نئی نسل کو دیوار سے لگایا جارہا ہے، سندھ میں کرپشن کے نئے ریکارڈ قائم کیے گئے ہیں، سندھ کے عوام حکمرانوں کے بھاشن اور اشتعال انگیزی کو قبول نہیں کریں گے اور وہ انہیں پہچان چکے ہیں۔

رہنما ایم کیو ایم کا کہنا تھا ہم دھمکیوں سے ڈرنے والے نہیں، سندھ کے عوام میں آپس میں فسادات کرانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ فاروق ستار نے الزام عائد کیا کہ حکمرانوں کے گھروں کے تہہ خانوں سے اربوں ڈالر برآمد ہوتے ہیں، تم نے بے نظیر کے خون کا سودا کیا، ان شا اللہ تمہارے مقدمات کھلنے جا رہے ہیں، اب سکھر، نواب شاہ، میرپورخاص اور کراچی کے عوام تمہارا احتساب کریں گے ۔انہوں نے مزیدکہا کہ ہم تمہارا احتساب کریں گے اور کسی کو بھی نکلنے نہیں دیں گے ، سندھ میں 6 انتظامی یونٹ بننے جارہے ہیں اور ان کا اختیار سندھ کے بیٹوں اور بیٹیوں کو دیا جائے گا۔ایم کیو ایم رہنما کا کہنا تھا کہ لاڑکانہ سے پانچ ارب ڈالر کی ایکسپورٹ ہوگی، لاڑکانہ، سکھر، نواب شاہ اور کراچی سمیت انتظامی یونٹس کا اختیار کسی کو نہیں دیں گے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...