سعودی عرب ریڈ لائن ، پار نہیں کرنے دینگے ، یکجہتی کونسل

سعودی عرب ریڈ لائن ، پار نہیں کرنے دینگے ، یکجہتی کونسل

حرمین شریفین پر حملہ ہوا تو خاموش نہیں رہیں گے ، سردار یوسف،حافظ عبدالکریم آئی ایس پی آر کا بیان قوم کی ترجمانی ، فضل الرحمن خلیل ودیگر کا کانفرنس سے خطاب

 اسلام آباد(خصوصی رپورٹر)وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف، سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم و دیگر نے کہا پاکستان کے عوام حرمین شریفین کی خاطر جانیں قربان کرنے کے لیے تیار ہیں۔ سعودی عرب ہماری ریڈ لائن ہے اسے کسی کو پار نہیں کرنے دینگے، حرمین شریفین پر حملہ ہوا تو ہم خاموش نہیں رہیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاک سعودی یکجہتی کونسل کے زیر اہتمام کل جماعتی تحفظ حرمین شریفین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سردار محمد یوسف نے کہا کہ کل جماعتی تحفظ حرمین شریفین کانفرنس نے پوری قوم کو پیغام دیا ہے کہ حرمین شریفین پر حملہ پر ہم خاموش نہیں رہیں گے۔

آئی ایس پی آر کا بیان پوری قوم کی ترجمانی ہے ۔ حرمین شریفین کا تحفظ ہم سب کے ایمان کا حصہ ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے واضح پیغام دے دیا ہے ہم سعودی عرب کے شانہ بشانہ ہیں،سعودی عرب ہماری سرخ لائن ہے اور ہم کسی کو یہ پار کرنے کی اجازت نہیں دیں گے ۔ سرپرست پاک سعودی یکجہتی کونسل سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم نے کہا حوثی باغیوں کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ پاکستان کے عوام اور علما حرمین شریفین کے تحفظ پر کوئی سمجھوتا نہیں کریں گے ۔

ہم متفقہ طور پر اعلان کرتے ہیں کہ ہم سب سعودی عرب کے ساتھ ہیں، مکہ اور مدینہ ہمیں اپنی جانوں سے عزیز ہیں ، پیر مظہر سعید شاہ نے کہا کشمیر کا بچہ بچہ سعودی عرب پر کٹ مرنے کے لیے تیار ہے ۔ شاہ اویس نورانی نے کہا کہ یہ ممکن نہیں کہ ارض مقدس پر حملہ ہو اور ہم خاموش رہیں ، فضل الرحمان خلیل نے کہا کہ پاک سعودی عرب دفاعی معاہدہ تاریخی معاہدہ ہے اور ہم اس معاہدے کی حفاظت اپنی جان دے کر کریں گے ۔ اورنگ زیب فاروقی نے کہا ہم حملہ آوروں کی پشت پناہی کرنے والوں کو متنبہ کرنا چاہتے ہیں کہ وہ باز آ جائیں۔ مولانا عبدالحق ثانی نے کہا کہ حرمین شریفین کی طرف ا ٹھنے والی ہر آنکھ نکال دیں گے ۔مولانا علی محمد ابو تراب ، پروفیسر سجاد قمر نے کہا سعودی عرب پر کو ئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...