جماعت اسلامی کا ٹرین مارچ شروع ، احتجاج حکومت گراؤ تحریک میں بدل جائیگا : حافظ نعیم
پٹرولیم لیوی کا پٹرول کی قیمتوں سے تعلق نہیں ،حکومتی ٹیم مذاکرات کرنے آتی ہے لیکن عوام کو دینے کے لیے کچھ نہیں ہوتا پورے پاکستان سے لوگ اسلام آباد کی طرف نکل رہے :امیر جماعت، مختلف سٹیشنوں پر مارچ کا استقبال،پھول نچھاور،نعرے
کراچی ،حیدرآباد(دنیا نیوز)جماعت اسلامی کا ٹرین مارچ کراچی سے شروع ہو گیا، ریلوے سٹیشن پر ہزاروں کارکن اس موقع پر موجود تھے ۔امیر جماعت حافظ نعیم الرحمن نے کراچی کینٹ سٹیشن پر میڈیا سے گفتگو کرتے کہا کہ حکومت کے پاس اب صرف ایک راستہ ہے کہ لیوی کا بھتہ ختم کرے ،اگر ایسا نہ ہوا تو احتجاج حکومت گرائوتحریک میں تبدیل ہوجائے گا، لیوی کا بھتہ ختم ہوگیا تو جماعت اسلامی کا احتجاج بھی ختم ہوجائے گا، حکومت کو لانگ مارچ سے پریشانی ہے ، لیکن 25 کروڑ عوام کوملنے والی اذیت سے پریشانی نہیں، ٹرین مارچ حیدر آباد ریلوے سٹیشن پہنچا تو مقامی کارکنوں نے حافظ نعیم الرحمن کا شاندار استقبال کیا اور ان پر پھول نچھاور کئے ،انہوں نے ریلوے سٹیشن پر خطاب میں کارکنوں اور شہریوں کا شکریہ ادا کرتے کہا کہ جماعت اسلامی نے عوام کے حقوق کے لیے تحریک شروع کی ہے ، امید ہے تمام قافلے اب اسلام آباد کی طرف روانہ ہونگے ، ہمارا کوئی ذاتی یا جماعتی ایجنڈا نہیں، ہم عوام کی ترجمانی کر رہے ہیں۔ پٹرول کی قیمت میں 135 روپے لیوی شامل ہے ،عالمی مارکیٹ کے حالات بہتر ہوں تو پٹرول کی قیمت 200 روپے سے بھی نیچے آسکتی ہے۔
پٹرولیم لیوی کا عالمی مارکیٹ میں پٹرول کی قیمتوں سے کوئی تعلق نہیں،حکمرانوں پر تنقید کرتے انہوں نے کہا ملک کی معاشی خرابی کا تعلق حکمرانوں کی عیاشیوں سے ہے ، مراعات یافتہ طبقہ اپنی سہولتیں چھوڑنے کو تیار نہیں، یہ ظلم کا نظام ہے جس میں امیر اور غریب پر برابر ٹیکس عائد کیا جاتا ہے ۔ حکومت کی ٹیم مذاکرات کرنے آتی ہے لیکن عوام کو دینے کے لیے کچھ نہیں ہوتا۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پورے پاکستان سے لوگ اسلام آباد کی طرف چلنا شروع ہوگئے ہیں، کا قافلہ آج روہڑی تک جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ نظام نہیں چلے گا، جماعت اسلامی عوام کے حق کی ترجمانی کرتی رہے گی، انہوں نے احتجاج میں شریک خواتین اور دیگر شرکا کا بھی شکریہ ادا کیا۔دریں اثنا کراچی سے اسلام آباد جانے والی رحمن بابا ایکسپریس ٹنڈوآدم ریلوے سٹیشن پہنچی تو ہزاروں مرد و خواتین نے حافظ نعیم الرحمن اور دیگر قائدین کا والہانہ استقبال کیا، کار کنوں نے پارٹی پرچم اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر پٹرولیم لیوی، مہنگائی اور اضافی ٹیکسز کے خاتمے اور عوام کو ریلیف دینے کے مطالبات درج تھے ۔ٹرین کی آمد پر قائدین پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور ریلوے سٹیشن’’حافظ نعیم الرحمن زندہ باد‘‘ اور ’’جماعت اسلامی زندہ باد‘‘ کے نعروں سے گونج اٹھا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments