پاکستان مالدیپ کا فضائی رابطوں تجارت کے فروغ پر اتفاق
اسلام آباد (اے پی پی، نامہ نگار ) پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں پاکستان اور مالدیپ کے پارلیمانی فرینڈشپ گروپ (پی ایف جی) کا ایک اہم اجلاس ہوا جس میں جمہوریہ مالدیپ کے پارلیمانی وفد کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں پاکستا ن مالدیپ کا فضائی رابطوں اور تجارت کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔
اجلاس کی صدارت کنوینر پی ایف جی شائستہ خان (ایم این اے ) نے کانسٹیٹیوشن روم میں کی ، مذاکرات کا محور دونوں برادر ممالک کے مابین پارلیمانی اشتراک عمل، معاشی روابط، فضائی رابطے سیاحت اور عوامی روابط کو مزید مستحکم بنانا تھا۔مالدیپ کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کنوینر شائستہ خان نے کہا کہ پاکستان اور مالدیپ کے تعلقات باہمی احترام، مشترکہ اقدار اور تاریخی اخوت پر مبنی ہیں۔ انہوں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مسلسل پارلیمانی روابط کی اہمیت پر زور دیا تاکہ دونوں ممالک ایک دوسرے کے قانون سازی اور پارلیمانی تجربات سے استفادہ کر سکیں ،مالدیپ کے پارلیمانی وفد نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ اور پاکستانی اراکین کی شاندار مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا اور پاکستان کے ساتھ دیرینہ دوستانہ تعلقات کی اہمیت کا اعادہ کیا۔ مالدیپی وفد نے طبی خدمات، خوراک، تعمیرات، سیاحت اور ماہی گیری (فشنگ) کے شعبوں میں پاکستان کی جغرافیائی قربت اور تکنیکی مہارت سے فائدہ اٹھانے پر زور دیا۔دونوں جانب سے پاکستان اور مالدیپ کے درمیان براہ راست فضائی پروازیں شروع کرنے کی فوری ضرورت پر خصوصی زور دیا گیا۔
تاکہ سیاحت، تجارت، کاروباری و طبی سفر اور عوام سے عوام کے رابطوں میں آسانی پیدا ہو سکے ،دریں اثنا سپیکر سردار ایاز صادق کی خصوصی دعوت پر مالدیپ کے پارلیمانی وفد نے سپیکر پیپلز مجلس مالدیپ عبد الرحیم عبداللہ کی قیادت میں پارلیمنٹ ہاؤس کا دورہ کیا ،سپیکر نے پارلیمنٹ ہاؤس آمد پر وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔وفد نے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ملاقات کی۔ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، پارلیمانی روابط اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے درمیان رابطوں کو مزید فروغ دینے اور پارلیمانی تعاون کو مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان مالدیپ کے ساتھ اپنے دیرینہ، دوستانہ اور برادرانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے ، مالدیپ کے پارلیمانی وفد کا دورہ دونوں ممالک کے قانون ساز اداروں کے درمیان روابط کو مزید مستحکم کرنے اور باہمی تعاون کے نئے مواقع پیدا کرنے میں اہم پیش رفت ثابت ہوگا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments