تحریک انصاف کا لانگ مارچ4اکتوبر تک موخر:سہیل آفریدی:بھاگ گئے،ہمت ہے تو آؤ:عطاتارڑ

تحریک  انصاف کا لانگ مارچ4اکتوبر تک موخر:سہیل  آفریدی:بھاگ  گئے،ہمت ہے  تو آؤ:عطاتارڑ

پولیٹکل کمیٹی کا مشاورت کے بعد فیصلہ ،شنوائی نہ ہو تو پرامن احتجاج آپکا حق:وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا ،اچکزئی کی مخالفت ،احتجاج کا فیصلہ سہیل آفریدی کا اختیار:بیرسٹر گوہر پی ٹی آئی کی تیاری نہیں تھی ، وزیر اطلاعات، حکومت کا سیاسی راستہ کھلا رکھنے کا فیصلہ ،اٹک پل پر مزید رکاوٹیں کھڑی کر دیں،پشاور روڈ سے کنٹیزز ہٹانے کا کام شروع

پشاور (دنیا نیوز،ایجنسیاں)تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں 27 ستمبر کے لانگ مارچ کو 4اکتوبر تک موخر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن  لیڈر محمود خان اچکزئی نے اس کی مخالفت کی ہے ،وزیر اعلٰی خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے سیاسی کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اب لانگ مارچ 4اکتوبر کو پشاور سے اسلام آباد روانہ ہوگا، انہوں نے کہا کہ پولیٹکل کمیٹی میں تمام معاملات پر مشاورت کی گئی،جس کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے ، انہوں نے کہا کہ ہماری جدوجہد آئین کی بحالی کے لئے ہے ، شنوائی نہ ہو تو پرامن احتجاج آپ کا حق ہے ، انہوں نے ڈان لیکس کروائے ،عدلیہ پر حملے کروائے ، مریم نواز نے کہا مجھے بھارت سے خطرہ نہیں ، 3صوبوں سے خطرہ ہے ، ان کا مقصد پاکستان کو تقسیم کرنا ہے ، ان کا ایک وفاقی وزیر ہے جو منتخب بھی نہیں ، انہوں نے نازیبا زبان استعمال کی ،کیا یہ زیب دیتاہے ۔سہیل آفریدی نے کہا کہ ہمارے ارکان اور کارکنوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے ،ہم سیاسی لوگ ہیں، ہم نے پرامن جدوجہد پہلے بھی کی تھی اب بھی کریں گے ، 4اکتوبر کا لانگ مارچ پرامن ہو گا ، یہ چاہتے ہیں پی ٹی آئی اور اسٹیبلشمنٹ لڑتی رہے اور یہ جہاز خریدتے رہیں، یہ ملک کا قرض بلندترین سطح پر لے گئے ، انہوں نے نہ پاکستان کا سوچنا ہے نہ عوام کا سوچنا ہے ۔

انہوں نے کہا ہمارا لانگ مارچ ہر صورت ہو گا، چاہے یہ سڑکوں پر کیلیں ٹھوکیں، کنٹینرز رکھیں یا گولی چلائیں،پارٹی ذرائع کے مطابق اس سے قبل سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں ارکان نے مو قف اختیار کیا کہ 27 ستمبر کو پشاور سے اسلام آباد جانے کی صورت میں خون خرابے کا خدشہ ہے جب کہ وفاقی حکومت نے خیبرپختونخوا کے جلوس کو روکنے کے لیے بڑے پیمانے پر تیاریاں کر رکھی ہیں،ذرائع کے مطابق پارٹی اراکین نے کہا کہ وفاق ہمارے ساتھ کھیل ، کھیل رہا ہے ، ہم بھی ان کے ساتھ کھیلیں گے ، اب وفاق کے ساتھ اعصابی لڑائی لڑی جائے گی، ہم چاہتے ہیں کہ لوگ خود وفاق کے خلاف کھڑے ہوں۔ دوسری طرف چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ عمران خان نے احتجاج ، لانگ مارچ کا اختیار سہیل آفریدی کو دیا ہے ، لانگ مارچ سے متعلق جو بھی فیصلہ ہوگا، سہیل آفریدی ہی آگاہ کریں گے ،میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر نے ان کو کچھ فیصلوں سے متعلق اعتماد میں لیا ہے ، ملکی مجموعی صورتحال اور پارٹی کی حکمت عملی زیر بحث آئی ہے ، ہم سیاسی جماعت ہیں اور اتفاق رائے و تفصیلی مشاورت سے فیصلے کرتے ہیں۔

ہم علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اور محمود اچکزئی کو پارٹی معاملات سے متعلق آگاہ کرتے ہیں، میں دونوں اپوزیشن لیڈروں کی بے پناہ عزت کرتا ہوں ، کبھی ان کو فون پر نہیں بتاتا خود ان کے پاس جا کر آگاہ کرتا ہوں،مزید برآں ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، لانگ مارچ کے حوالے سے ہدایات لیں ،ذرائع کے مطابق محمود اچکزئی نے لانگ مارچ موخر کرنے کی مخالفت کرتے ہوئے سہیل افریدی سے کہا کہ 27 ستمبر کی لانگ مارچ کی کال برقرار رکھی جائے ،ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی نے احتجاج موخر کرنے کا اعلان اپوزیشن اتحاد سے کروانے کا فیصلہ کیا، جس پر وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اور بیرسٹر گوہر نے الگ الگ محمود خان اچکزئی سے احتجاج موخر کرنے کی درخواست کی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ محمود خان اچکزئی نے احتجاج موخر یا منسوخ کرنے سے انکار کردیا۔ ان کا موقف تھا کہ جب پی ٹی آئی نے احتجاج کی کال دی تھی تو اس وقت مشاورت نہیں کی گئی، اب احتجاج موخر کرنے کا اعلان ہم کیوں کریں؟ذرائع کے مطابق بیرسٹر گوہر نے بانی کی سالگرہ 5 اکتوبر پر احتجاج کرنے کی تجویز پیش کی تھی تاہم محمود خان اچکزئی نے 27 ستمبر کو احتجاج شروع کرکے اسے 5 اکتوبر تک جاری رکھنے کا مشورہ دیا ہے ۔

 اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک،نیوز ایجنسیاں) وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے تحریک انصاف کو چیلنج کیا ہے کہ ہمت ہے تو آ ؤ، لانگ مارچ کرو، یہ بزدل لوگ  ہیں، اسی لیے لانگ مارچ اور دھرنوں سے بھاگ گئے ہیں، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ ان کی کوئی تیاری نہیں ،پی ٹی آئی اب دھرنے سے بھی بھاگ گئی ہے اور لانگ مارچ سے بھی پیچھے ہٹ رہی ہے ، انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال سب کے سامنے ہے ، سہیل آفریدی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ وزیراعلیٰ کم اور کالعدم جماعت کے کمانڈر زیادہ لگتے ہیں، انہوں نے الزام عائد کیا کہ خیبرپختونخوا حکومت دہشت گردوں کی سہولت کاری میں ملوث ہے ،دہشتگردی کے فروغ میں ان کا ہاتھ ہے ، امن و امان ٹھیک کرنا کے پی کے حکومت کی ذمہ داری ہے ، انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے کبھی سکیورٹی فورسز کے جوانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی نہیں کیا۔ عطا تارڑ نے الزام عائد کیا کہ خیبر پختونخوا میں ٹمبر اور تمباکو کی غیر قانونی تجارت جاری ہے ، جبکہ صوبے میں غیر قانونی سونے کی کان کنی میں بھی بعض سیاسی عناصر کے ملوث ہونے کی اطلاعات ہیں۔

ان کے مطابق غیر قانونی کان کنی اور ٹھیکوں کے ذریعے دہشت گردوں کو فنڈز فراہم کیے جاتے ہیں،دوسری طرف پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے پیش نظر حکومت نے حکمت عملی مزید سخت کرنے کے ساتھ سیاسی راستہ بھی کھلا رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ،اعلیٰ سطح کے اجلاس میں لانگ مارچ کو روکنے کے لیے انتظامی، قانونی اور سکیورٹی اقدامات کا جائزہ لیا گیا،وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیر مملکت داخلہ طلال چودھری اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی، ذرائع کا کہنا ہے کہ جماعت اسلامی کی طرح پی ٹی آئی کے ساتھ بھی مذاکرات کا راستہ کھلا رکھنے پر غور کیا گیا،اجلاس میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس کی ممکنہ بندش کا معاملہ بھی زیر بحث آیاتاہم فی الحال انٹرنیٹ سروس بند نہ کرنے پر اتفاق کیا گیا،علاوہ ازیں لانگ مارچ اور دھرنے سے نمٹنے کے انتظامات کے سلسلے میں وفاقی پولیس نے وزارت داخلہ سے ایک ارب روپے کے فنڈز مانگ لئے ، ٹی وی رپورٹ کے مطابق رقم کنٹینرز کے کرائے ، اہلکاروں کی رہائش اورکھانے ، ریت کی بوریوں اور آنسو گیس سمیت دیگر سکیورٹی سامان پر خرچ کی جائے گی، دوسری طرف اٹک کے پل اور اس کے اطراف مزید رکاوٹیں کھڑی کر دی گئی ہیں جبکہ پشاور روڈ راولپنڈی سے اسلام آباد انٹری پوائنٹ روات ٹی چوک پر لگائے گئے کنٹیرز کو ہٹائے جانے کی اطلاعات ہیں، ٹی چوک سے اسلام آباد آنے والے داخلی راستے کو ایل ٹی وی ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا اور وہاں لگے تمام کنٹینرز ہٹا دیے گئے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...