لندن : شہباز شریف کی ملاقاتیں ،عالمی مالیاتی اداروں کو سرمایہ کاری کا دعوت
بارکلیز، جے پی مورگن، سٹی، بلیک راک اور روتھ شیلڈ اینڈ کو کے حکام کا پاکستان کے معاشی اصلاحاتی عمل میں پیش رفت پر اعتماد کا اظہار ،مالیاتی شعبے کیساتھ تعاون اور روابط مزید مضبوط بنانے کا عزم معاشی اشاریے بہتر، خلیجی بحران نہ ہوتاتو تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن ہوچکے ہوتے :وزیراعظم ، لندن سٹاک ایکسچینج کا دورہ ،ٹریڈنگ کا افتتاح، پاکستان کے 3ارب ڈالرکے یوروبانڈزلسٹنگ کی رونمائی
لندن (دنیا نیوز،نیوز ایجنسیاں)وزیراعظم شہباز شریف نے لندن میں عالمی مالیاتی اداروں کے حکام سے ملاقاتیں کیں اور انہیں پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی، انہوں نے لندن سٹاک ایکسچینج کا دورہ کیا اور لندن سٹاک ایکسچینج ٹریڈنگ اوپننگ کا اعزاز حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی وزیراعظم بن گئے ۔ وزیراعظم نے برطانیہ کے دورے کے دوران دنیا کے معروف مالیاتی اداروں بارکلیز، جے پی مورگن، سٹی، بلیک راک اور روتھ شیلڈ اینڈ کو کے اعلیٰ حکام سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ملاقاتوں میں پاکستان کے معاشی اصلاحاتی ایجنڈے ، معاشی استحکام، سرمایہ کاری کے سازگار ماحول اور عالمی مالیاتی شعبے کے ساتھ تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔بارکلیز کے ہیڈ آف پرائیویٹ بینک اینڈ ویلتھ مینجمنٹ یو کے محمد کمال سید سے ملاقات میں وزیراعظم نے پاکستان میں بینک کی دلچسپی کا خیرمقدم کیا۔ وزیراعظم نے انہیں حکومت کی جانب سے معاشی استحکام کیلئے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا اور بارکلیز کو پاکستان کے مالیاتی شعبے اور کاروباری مواقع میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔
جے پی مورگن کے شریک چیف ایگزیکٹو میتھیو ولٹز کی قیادت میں اعلیٰ سطح وفد سے ملاقات میں سرمایہ مارکیٹس، تجارتی فنانسنگ اور انویسٹمنٹ بینکنگ کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر گفتگو ہوئی۔وزیراعظم نے جے پی مورگن کو پاکستان میں اپنی سرگرمیوں اور موجودگی کو مزید وسعت دینے کی دعوت دی۔ وفد نے پاکستان کے خودمختار قرضہ جات کی کیپٹل مارکیٹس اور کارپوریٹ بینکنگ کے شعبوں میں دلچسپی کا اظہار کیا۔سٹی کے چیف کلائنٹ آفیسر ڈیوڈ لیونگ سٹون کی قیادت میں اعلیٰ حکام سے ملاقات میں وزیراعظم نے پاکستان میں بینک کی طویل عرصے سے موجودگی کو سراہا اور کارپوریٹ و ادارہ جاتی بینکنگ کی خدمات کو مزید وسعت دینے کی حوصلہ افزائی کی۔بلیک راک کے ایمرجنگ مارکیٹس اینڈ فرنٹیئرز کے شریک سربراہان گورڈن فریزر اور سیم ویچ جبکہ پورٹ فولیو منیجر و ریسرچ اینالسٹ ایملی فلیچرپر مشتمل وفد سے ملاقات میں وزیراعظم نے فرنٹیئر مارکیٹس حکمت عملی کے تحت پاکستانی ایکویٹیز اور فکسڈ انکم میں سرمایہ کاری بڑھانے کی دعوت دی۔ دونوں جانب سے سرمایہ کاروں کے اعتماد کیلئے پالیسیوں میں تسلسل کی اہمیت پر زور دیا گیا۔روتھ شیلڈ اینڈ کو کے چیئر، جیو سٹریٹجک ایڈوائزری لارڈ مارک سیڈول اور ہیڈ آف یو کے انویسٹمنٹ بینکنگ مجید اسحاق سے ملاقات میں پاکستان کی جیو اکنامک ترجیحات اور کیپٹل مارکیٹس و سرمایہ کاری کی حکمت عملی کے حوالے سے ممکنہ مشاورتی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
تمام ملاقاتوں کے دوران عالمی مالیاتی اداروں کے اعلیٰ حکام نے پاکستان کے معاشی اصلاحاتی عمل میں پیش رفت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ملک کے مالیاتی شعبے کے ساتھ تعاون اور روابط مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ملاقاتوں سے پاکستان کے معاشی اصلاحاتی پروگرام کے حوالے سے عالمی مالیاتی اداروں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی اور اعتماد کی عکاسی ہوتی ہے ۔ یہ ملاقاتیں حکومت کی جانب سے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مزید مستحکم کرنے اور ملک میں پائیدار سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے جاری وسیع تر کوششوں میں اہم پیش رفت ہیں۔ملاقاتوں میں وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب اور وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری و چیئرمین نجکاری کمیشن محمد علی بھی موجود تھے ۔دریں اثنا وزیراعظم نے لندن سٹاک ایکسچینج کا دورہ کیا اور سٹاک ایکسچینج ٹریڈنگ کا افتتاح کیا۔اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ لندن سٹاک ایکسچینج کی مارکیٹ اوپن تقریب میں مدعو کیا جانا ان کیلئے اعزاز کی بات ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے حالیہ برسوں میں ملکی معیشت کو مضبوط بنانے کیلئے بھرپور محنت کی ہے ۔وزیراعظم کاکہنا تھا کہ پاکستان کے میکرو اکنامک اشاریے مسلسل بہتری کی جانب گامزن ہیں، معاشی استحکام کیلئے کیے گئے اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ ایک محفوظ مقام تک پہنچنے کیلئے درست سمت میں اپنا کردار جاری رکھیں گے ، معاشی ترقی کیلئے وزیرخزانہ اور دیگرحکام کی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔انہوں نے کہا خلیجی بحران پیدا نہ ہوا ہوتا تو ہم بھی دیگر ابھرتی ہوئی معیشتوں کی طرح تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکے ہوتے ، ہم اس چیلنج سے نمٹنے کے ساتھ ساتھ امریکا اور ایران کے درمیان ثالثی اور قیام امن کیلئے بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔لندن سٹاک ایکسچینج آمد پر لندن سٹاک ایکسچینج گروپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈیوڈ شوئمر اور سینئر حکام نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔ اس موقع پر پاکستان کے 3 ارب ڈالر کے Dual Tranche یورو بانڈز لسٹنگ کی بھی تقریب رونمائی منعقد ہوئی۔وزیراعظم نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ یہ تقریب یقیناً پاکستان کی معیشت کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگی، میں یہ بات اعتماد سے کہہ سکتا ہوں کہ ہم نے اپنے معاشی اشاریوں کو نمایاں طور پر بہتر کیا ہے جو مستقبل کیلئے نہایت حوصلہ افزا اور امید افزا ہیں۔انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں وزیر خزانہ اور ان کی ٹیم کی جانب سے تین ارب ڈالر مالیت کے یورو بانڈز اور خودمختار قرضوں کے انتظام کی کامیابی اس امر کی واضح مثال ہے ، یہ ہماری بھرپور محنت، گہری اور بنیادی نوعیت کی ساختی اصلاحات، معیشت کو ڈیجیٹل بنانے اور معیشت کو دوبارہ درست سمت میں گامزن کرنے کیلئے کئے گئے تمام ضروری اقدامات کا عملی ثبوت ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments