خیبر پختونخوا، بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن ، 7 دہشتگرد ہلاک
خیبرکے علاقے باڑہ میں فتنہ الخوارج کے 5 دہشتگرد مارے گئے ، ٹھکانے تباہ، جدید اسلحہ ، گولہ بارود برآمد چاغی کے علاقے نوکچہ میں فتنہ الہندوستان کے 2دہشتگرد ہلاک،واٹر بائوزر نذر آتش کر کے فرار ہورہے تھے
کوئٹہ ،اسلام آباد(سٹاف رپورٹر،خصوصی نیوز رپورٹر،دنیا نیوز)سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کرتے ہوئے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ ملکی سلامتی کے قومی ویژن عزمِ استحکام کے تحت سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع خیبر کے علاقے باڑہ میں ایک کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے فتنہ الخوارج کے 5 بدنام دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ خفیہ معلومات پر کیا گیا۔ فورسز کی موثر اور تیز رفتار کارروائی کے نتیجے میں خارجی دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مکمل طور پر ملیا میٹ کر دیا گیا جبکہ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری تعدار میں جدید اسلحہ، گولہ بارود برآمد کر لیا گیا ہے ۔ دریں اثنا سکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں امن دشمن عناصر کے مکمل خاتمے کے لیے جاری آپریشن رد الفتنہ 3 کے تحت ضلع چاغی کے علاقے نوکچہ میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان کے 2 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق فتنہ الہندوستان سے وابستہ دہشت گردوں نے نوکچہ کے قریب ایک خالی واٹر بائوزر کو نذرِ آتش کرنے کے بعد فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم علاقے میں موجود سکیورٹی فورسز نے فوری اور موثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے دونوں شرپسندوں کو موقع پر ہی کیفرِ کردار تک پہنچا دیا۔ ذرائع نے بتایا کہ مارے جانے والے دہشت گرد این 40 قومی شاہراہ پر متعدد مقامات پر دہشت گردی کی وارداتوں میں ملوث تھے ۔ واضح رہے کہ اس سے قبل 31 اگست کو بھی اسی علاقے میں اسی نوعیت کی تخریب کاری میں ملوث 11 دہشت گردوں کو مار ا گیا تھا۔ سکیورٹی ذرائع نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ فورسز ملک سے دہشت گردی کے مکمل ناسور کے خاتمے اور پائیدار قومی امن کے قیام کے لیے پرعزم ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاپوری قوم کو اپنے بہادر سپوتوں پر فخر ہے ،پاکستان کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے والے عناصر کو ان کے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments