پاکستان کسان خسارے میں ٹیکس نہیں دے سکتے : آئی ایم ایف کو بریفنگ

 پاکستان کسان خسارے میں ٹیکس نہیں دے سکتے : آئی ایم ایف کو بریفنگ

آئی ایم ایف مشن کا زرعی انکم ٹیکس وصولی اہداف پر تشویش اورمجموعی معاشی صورتحال پر اطمینان کا اظہار وزیر خزانہ نے ورچوئل مذاکرات میں معاشی استحکام ،اصلاحات پر پیشرفت سے آگاہ کیا ، مقررہ اہداف کاجائزہ لیا

 اسلام آباد (مدثر علی رانا) آئی ایم ایف نے پاکستان کی مجموعی معاشی صورتحال پر اطمینان اورزرعی شعبے میں انکم ٹیکس وصولی کے اہداف پر تشویش کا اظہار کیا۔وزارت خزانہ کے مطابق معیشت کے استحکام، محصولات اور مالیاتی نظم و ضبط سے متعلق امور زیر بحث آئے ۔ آئی ایم ایف مشن پاکستان کے معاشی و مالیاتی اقدامات پر حکام سے بات چیت جاری رکھے گا۔باوثوق ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ آئی ایم ایف کو بریفنگ دی گئی کہ پاکستان میں زرعی شعبے کی پیداواری لاگت بڑھنے کی وجہ سے کسان مسلسل خسارے میں ہیں۔ پاکستان میں بیشتر کسان اتنے خوشحال نہیں کہ انکم ٹیکس دینے کے قابل ہوں۔ آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات میں وفاقی حکومت نے کاشت کاروں کے موقف کی حمایت کی۔ بتایا گیا کہ خطے کی کشیدہ صورتحال کی وجہ سے پیداواری لاگت مسلسل بڑھ رہی ہے ۔ صوبائی حکومتیں زرعی انکم ٹیکس کا حجم بڑھانے کیلئے اقدامات کر رہی ہیں، تاہم تاحال خاطر خواہ نتائج موصول نہیں ہو سکے۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے آئی ایم ایف کو ڈیجیٹلائزیشن کے اقدامات سے آگاہ کیا۔ صوبوں میں نان ٹیکس ریونیو بڑھا کر سرپلس کے اہداف حاصل کرنے پر بھی بریفنگ دی گئی۔وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی آئی ایم ایف مشن سے اہم ورچوئل مذاکرات ہوئے ۔ وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف مشن کے ساتھ کِک آف اجلاس میں شرکت کی جبکہ آئی ایم ایف مشن کی سربراہی آئیوا پیٹرووا نے کی۔اعلامیے کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان ای ایف ایف کے چوتھے جائزے پر بات چیت کی گئی۔ آئی ایم ایف مشن سے آر ایس ایف کے تیسرے جائزے پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی۔ معاشی ٹیم نے آئی ایم ایف وفد کو ملکی معاشی و اقتصادی صورتحال پر بریفنگ دی۔ وزیر خزانہ نے معاشی استحکام اور اصلاحات پر حکومت کی پیشرفت سے آگاہ کیا۔ اجلاس میں آئی ایم ایف پروگرام کے تحت مقررہ اہداف اور پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ پاکستان کی معاشی کارکردگی، مالیاتی امور اور اصلاحاتی اقدامات پر گفتگو ہوئی۔ آئی ایم ایف پروگرام کے اہداف کے حصول اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...