آسان ٹیکس سکیم میں محض 4نئے تاجر شامل
43 لاکھ ریٹیلرز میں صرف 6 لاکھ انکم ٹیکس ریٹرن فائل کر رہے سکیم کا ہدف 100 ارب ،صورتحال برقرار رہی تو کامیابی مشکل:ایف بی آر اب تک 10 ہزار 338 ریٹیلرز نے رجسٹریشن کرائی:چیئرمین راشد لنگڑیال
اسلام آباد (مدثر علی رانا)چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال نے ریٹیلرز کیلئے ایک فیصد فکسڈ آسان ٹیکس سکیم پر انتہائی کم ردعمل پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صورتحال برقرار رہی تو سکیم کی کامیابی مشکل ہوگی۔ مقررہ مدت ختم ہونے کے بعد سکیم سے فائدہ نہ اٹھانے والے نان فائلرز کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس چیئرمین سلیم مانڈوی والا کی زیرصدارت ہوا۔ ایف بی آر حکام نے بتایا ملک میں 43 لاکھ ریٹیلرز ہیں، جن میں سے صرف 6 لاکھ انکم ٹیکس ریٹرن فائل کر رہے جبکہ 37 لاکھ نان فائلرز ہیں۔ اب تک 10 ہزار 338 ریٹیلرز نے ایپ کے ذریعے رجسٹریشن کرائی، 2 ہزار 337 نئے رجسٹریشن کیسز سامنے آئے ، تاہم صرف 787 ریٹرن فائل ہوئے اور نئے فائلرز کی تعداد محض 4 رہی۔حکام کے مطابق ایک لاکھ ریٹیلرز کو سکیم میں رجسٹرڈ کرنے کا ہدف ہے جبکہ 5 سے 10 لاکھ ریٹیلرز کیخلاف انفورسمنٹ کارروائی کی ضرورت پڑ سکتی ہے ۔ چیئرمین ایف بی آر نے کہا سکیم کا ہدف 100 ارب روپے حاصل کرنا ہے ، مگر ردعمل توقعات کے مطابق نہیں۔ انہوں نے نان فائلرز کے شناختی کارڈ بلاک کرنے سمیت سخت اقدامات پر غور کیلئے کمیٹی کی حمایت طلب کی۔وزیر مملکت خزانہ بلال اظہر کیانی نے بتایا ڈیڈ لائن گزرنے کے بعد پہلے ماہ 10 ہزار، دوسرے ماہ 25 ہزار اور تیسرے ماہ 50 ہزار روپے جرمانہ عائد ہوگا۔ سینیٹر فاروق ایچ نائیک نے سکیم سے متعلق آگاہی کیلئے میڈیا مہم چلانے کی تجویز دی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments