صومالیہ آپریشن :زندہ بچ جانیوالا عملہ بحفاظت بندر بیلا پہنچا دیا گیا
جاں بحق افراد کی میتیں پاکستان منتقل کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش جا ری :دفترخارجہ
اسلام آباد (دنیا نیوز) پاکستان نے صومالیہ ساحل کے قریب ہائی جیک کئے گئے بحری جہاز ایم ٹی آنر 25 کی بازیابی کے دوران عملے کے 5 ارکان کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 3 پاکستانی شہری، رفیع اللہ خان، سید کاشف عمر اور محمود احمد انصاری بھی شامل ہیں۔ترجمان نے کہا کہ حکومت پاکستان اور عوام سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں ، مشکل اور تکلیف دہ وقت میں ہم ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔ایم ٹی آنر 25 کے زندہ بچ جانے والے عملے کو بحفاظت بندر بیلا پہنچا دیا گیا ہے ،ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ حکومت پاکستان اپنے سفارتی مشن اور متعلقہ حکام کے ذریعے صومالی حکام اور دیگر متعلقہ فریقوں سے مسلسل رابطے میں ہے ۔زخمیوں کو مناسب طبی سہولیات کی فراہمی اور جاں بحق افراد کی میتیں پاکستان منتقل کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments