تحریک انصاف لانگ مارچ ختم کرے ، پھر حکومت مذاکرات کریگی : شہباز شریف
دھرنوں سے معیشت کو نقصان پہنچانا ملک دشمنی ،پی ٹی آئی ہوش کے ناخن لے ،حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھائے گی :انڈر پاس کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب آزاد جموں وکشمیر اسمبلی وجود میں آچکی، مسائل باہمی تعاون اور مشاورت سے حل کرینگے :وزیراعظم، گیس لوڈ مینجمنٹ کے پیشگی اقدامات کی ہدایت،انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کے ڈی جی کی ملاقات
اسلام آباد،مظفر آباد (نامہ نگار،خصوصی رپورٹر، دنیا نیوز ،مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دھرنوں اور احتجاج کی سیاست قومی معیشت اور پاکستان کی عالمی ساکھ کیلئے نہایت نقصان دہ ہے ، دھرنوں کی سیاست سے معیشت کو نقصان پہنچانا ملک دشمنی ہے ،پی ٹی آئی ہوش کے ناخن لے اور احتجاجی سیاست سے ملکی معیشت کو پہنچنے والے نقصان کا ادراک کرتے ہوئے پہلے لانگ مارچ ختم کرے ،پھر حکومت مذاکرات کرے گی،حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھائے گی ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار منگل کویہاں کشمیر چوک انڈر پاس کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔تقریب میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی،وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ،وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چودھری، وزیر مملکت طلال چودھری بھی موجود تھے ۔ ادھر وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ روز یہاں صدرمملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کی ۔اس دورام ملک کی مجموعی سیاسی و سکیورٹی صورتحال،پختونخوا میں پی ٹی آئی کے لانگ مارچ سے پیدا صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ، دونوں نے اتفاق کیا کہ کسی بھی آئینی و قانونی اقدام سے قبل مشاورت کا عمل جاری رکھا جائے گا۔
ملاقات میں حکمران جماعت مسلم لیگ(ن)اورپیپلزپارٹی کے سینئر رہنما بھی موجود تھے ،صدر اور وزیراعظم کو مذاکراتی کمیٹی کے اراکین نے بریفنگ دی۔ دوسری طرف افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ ہم نے باہمی مشاورت سے طے کیا تھاکہ پی ٹی آئی کی قیادت کے ساتھ بامعنی،بامقصد اور خلوص پر مبنی بات چیت کریں تاکہ لانگ مارچ،دھرنے اور احتجاج کی سیاست کا خاتمہ کریں اور مل بیٹھ کر مسائل کا حل تلاش کریں،حکومت اور پیپلز پارٹی کی مشترکہ کمیٹی نے دودن تک سپیکر چیمبر میں ان سے بات چیت کی ، تاہم دوسری طرف سے طے شدہ مسودہ باربار تبدیل کیا گیا جس سے ان کا مقصد واضح تھا کہ بات چیت کو کامیاب نہیں ہونے دینا۔وزیر اعظم نے دو ٹوک کہا کہ دھرنے اور احتجاج کی سیاست سے ملکی معیشت نشانہ بنے گی، برآمدات،صنعتی پیداوار متاثر ہوگی جو ملک و قوم کا نقصان ہوگا، حکومت ملکی ترقی اورمعاشی استحکام کیلئے دن رات کوشاں ہے ، ہم نے اڑھائی سال کی محنت سے ملکی معیشت کو اپنے پا ؤں پر کھڑا کیا،دوسری طرف بدقسمتی سے ایک بار پھر لانگ مارچ،دھرنے اور احتجاج کی بھیانک سیاست نمودار ہورہی ہے ، کیا ترقی کے پہیے کو دوبارہ جام کرنا ملک دشمنی نہیں؟، احتجاج اور دھرنوں سے نقصان پہنچانا ملک دشمنی ہے۔
وزیر اعظم نے واضح کیا کہ عوام کے جان و مال کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا، پی ٹی آئی احتجاج اور لانگ مارچ کے اثرات پر غور کرے اورملک کو پہنچنے والے نقصان کا ادراک کرتے ہوئے لانگ مارچ ختم کرے ،حکومت بات چیت کرکے مسائل کا حل نکالے گی ۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج کشمیر چوک انڈر پاس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا ہے ، یہی شاہراہ ایک دن سرینگر تک پہنچے گی،کشمیریوں کو آزادی اور بنیادی حقوق ملیں گے ۔ قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے کشمیر چوک انڈر پاس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا، یہ منصوبہ 1 ارب 45 کروڑ روپے کی لاگت سے ایک ماہ میں مکمل ہوگا ۔ علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے موسم سرما میں گیس لوڈ مینجمنٹ کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے گیس کی لوڈ مینجمنٹ کیلئے جامع لائحہ عمل ترتیب دینے اور پیشگی اقدامات کی ہدایت کر دی ،اجلاس میں وفاقی وزراء رانا تنویر حسین، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، علی پرویز ملک، وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت ہارون اختر، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ وزیراعظم نے گیس کی بلا تعطل درآمد کیلئے تمام ضروری اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کی جبکہ واٹر اور سپیس ہیٹنگ کیلئے بجلی سے چلنے والے آلات کے استعمال کی حوصلہ افزائی کی غرض سے بینک فنانسنگ کی سہولت متعارف کرانے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔ دوسری طرف وزیراعظم شہباز شریف سے انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کے ڈائریکٹر جنرل گلبرٹ ایف ہونگبو نے اسلام آباد میں وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔
وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے وفد سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان کی ہنرمند افرادی قوت کی بین الاقوامی سرٹیفکیشن اور پیشہ ورانہ تربیت کیلئے انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کی جانب سے مزید سہولت معاون ثابت ہو گی ، حکومت نے سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا)کو ازسرنو فعال کر دیا ہے ،انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کے ساتھ مزید مضبوط تعاون اور تعمیری روابط سمیڈا کے اقدامات کو مزید مؤثر بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ گلبرٹ ایف ہونگبو نے مشترکہ کاوشیں آگے بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ مزید برآں وزیراعظم شہباز شریف نے مظفر آباد میں تقریب حلف برداری سے خطاب میں کہا ہے کہ آزاد جموں وکشمیر اسمبلی وجود میں آچکی، و ہ قانون سازی کرے گی تو اس کا سب احترام کریں گے ، مسائل باہمی تعاون اور مشاورت سے حل کئے جائیں گے ۔ تقریب میں شہباز شریف نے آزاد جموں و کشمیر کونسل کے نئے ارکان سے حلف بھی لیا ، اس موقع پر آزاد جموں وکشمیر کے صدرمحمد نجیب نقی، وزیراعظم افتخار گیلانی اور وفاقی کابینہ کے ارکان بھی موجود تھے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ کونسل آزاد جموں و کشمیر اور وفاقی حکومت کے درمیان پل کا کردار ادا کرتی ہے ،صدر اور وزیراعظم آزاد کشمیر عوام کی خوشحالی کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔
شہباز شریف نے آزاد کشمیر کی ترقی کیلئے وفاقی حکومت کے مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے حالیہ مہینوں میں آزاد کشمیر میں افسوسناک واقعات رونما ہوئے ، حکومت نے احتجاجی عناصر کو سنجیدگی کے ساتھ سمجھانے کی کوشش کی،خارجی اشاروں پر پاکستان اور آزاد کشمیر کاز کے خلاف متحرک عناصر کے خلاف کارروائی کرنا فرض تھا ، موجودہ صورتحال کے پیش نظر قانون نے اپنا راستہ اختیار کیا ، ریاستی معاملات میں قانون اور آئینی عمل کی پاسداری ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں افواج پاکستان نے تاریخی کردار ادا کیا، ان کی دلیرانہ قیادت میں افواج پاکستان نے معرکۂ حق میں دشمن کو تاریخی سبق سکھایا۔علاوہ ازیں وزیر اعظم کی زیر صدارت نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے امور بارے وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں منعقدہ جائزہ اجلاس میں شہباز شریف نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے تمام جاری منصوبوں کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کروانے کی ہدایت کردی ۔ اجلاس کے شرکاء سے گفتگو میں وزیراعظم نے کہا کہ آمد و رفت کے ذرائع میں بہتری کسی بھی ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے ناگزیر ہے ۔ انہوں نے قومی شاہراہوں، موٹر ویز اور ایکسپریس ویز کی تعمیر کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت کرنے کے حوالے سے حکمت عملی بنانے کی ہدایت بھی کی۔اجلاس کو متعلقہ حکام نے بریفنگ میں بتایا کہ پچھلے مالی سال نیشنل ہائی وے اتھارٹی کا 109 بلین روپے سے بڑھ کر ریونیو 130 بلین روپے ہو گیا ، امسال یہ 160 بلین ہونے کی توقع ہے ۔اجلاس میں وفاقی وزیر احسن اقبال ،عبد العلیم خان، احد خان، عطاء اللہ تارڑ چیمہ، وزیر اعظم کے مشیر برائے نجکاری محمد علی و دیگر بھی موجود تھے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments