خیبرپختونخوا : طوفانی بارش،3چھتیں گرنے سے 11افرادز خمی
زخمیوں میں 4بچے بھی شامل،ژالہ باری سے فصلوں،باغات کونقصان،بجلی غائب جڑواں شہروں میں بونداباندی،پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کی پیشگوئی
اسلام آباد، لاہور، پشاور، نوشہرہ، مظفرآباد (مانیٹرنگ ڈیسک ،نمائندہ دنیا،این این آئی،آئی این پی)خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں طوفانی بارش اور شدید ژالہ باری سے گاڑیوں اور سولر کے شیشے بھی ٹوٹ گئے ،شدید ژالہ باری سے کھڑی فصلوں اور میوہ جات کے باغات کو نقصان پہنچا۔نوشہرہ میں موسم سرما کی پہلی بارش اور ژالہ باری سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے ،تین گھر وں کی چھتیں گرنے سے چار بچوں سمیت گیارہ افراد زخمی ہوگئے ۔ضلع نوشہرہ کے تمام بجلی فیڈرز ٹرپ کرگئے ،جس سے بجلی کانظام درہم برہم ہوگیا۔ اسلام آباد اور راولپنڈی کے بعض علاقوں میں بونداباندی ہوئی ۔تفصیلات کے مطابق دیر لوئر کے مختلف علاقوں میں رات گئے گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارش اور شدید ژالہ باری سے گاڑیوں اور سولر کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔
طوفانی بارش اور ژالہ باری سے گرمی کازورٹوٹ گیا اور موسم خوش گوار ہوگیا تاہم مختلف علاقوں کی بجلی منقطع ہوگئی، رسالپور میں بھی گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش جاری ہے جبکہ پشاور میں وقفے کے بعد پھر بارش شروع ہوگئی، لنڈی کوتل اور گردونواح میں موسلادھار بارش کے باعث برساتی نالوں میں طغیانی آگئی،محکمہ موسمیات کے مطابق آج چترال، دیر، باجوڑ، مالاکنڈ، پشاور، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، مردان، صوابی میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔علاوہ ازیں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آئندہ 24گھنٹوں میں بارشوں کی پیشگوئی کے پیش نظر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(پی ڈی ایم اے )نے ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی،راولپنڈی، اسلام آباد اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بونداباندی اور ہلکی بارش جبکہ بلند پہاڑی چوٹیوں پر ہلکی برفباری سے بالائی علاقوں میں سردی کی لہر شروع ہوگئی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments