میو ہسپتال میں ادویات کی شدید قلت ،مریض پریشان

میو ہسپتال میں ادویات کی شدید قلت ،مریض پریشان

اہم اینٹی بائیوٹک انجیکشن وینکومائسن بھی پچھلے دو روز سے عدم دستیاب آئسوپٹن انجیکشن بھی ناپید ،ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جائے :وزیر صحت

لاہور (ہیلتھ رپورٹر )لاہور کے سب سے بڑے سرکاری ٹیچنگ ہسپتال میو ہسپتال میں ادویات کی شدید قلت کا انکشاف ہوا ہے ، جس کے باعث دل کے آپریشن والے مریضوں کی زندگیاں خطرے میں پڑ گئی ہیں۔ذرائع کے مطابق کارڈیک سرجری آئی سی یو میں انتہائی اہم اینٹی بائیوٹک انجیکشن وینکومائسن گزشتہ دو روز سے دستیاب نہیں ہے ۔ اس حوالے سے ہسپتال کے اندرونی واٹس ایپ گروپ کی چیٹ لیک ہوئی ہے جس میں سینئر رجسٹرارکارڈیک سرجری ڈاکٹر محسن نے ایم ایس میو ہسپتال ڈاکٹر عبدالمدبر کو بار بار یاد دہانی کرائی ہے ۔ڈاکٹر محسن نے ثبوت کے طور پر ایل پی (لوکل پرچیز)بک کی تصویر بھی گروپ میں شیئر کی ہے جس پر ہاتھ سے لکھا ہے کہ وینکومائسن انجیکشن استعمال ہو چکے ہیں اور مزید درکار ہیں۔

تاہم بک پر مسلسل کٹنگ کی جا رہی ہے اور ایک ڈوز بھی فراہم نہیں کی جا رہی۔ذرائع نے بتایا کہ صرف وینکومائسن ہی نہیں، دل کے مریضوں کے لیے استعمال ہونے والا آئسوپٹن انجیکشن بھی ہسپتال میں ناپید ہے ۔دوسری جانب ایم ایس میو ہسپتال ڈاکٹر عبدالمدبر نے گروپ میں ہی ایل پی ڈیپارٹمنٹ کو ڈیمانڈ بھیجنے کا حکم دیا، تاہم ذرائع کے مطابق تاحال انجیکشن کی دستیابی ممکن نہیں بنائی جا سکی۔اس حوالے سے صوبائی وزیر صحت سپیشلائزڈ خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ ہسپتالوں کے سربراہان کو ہدایت جاری کر دی گئی ہے کہ ادویات کی دستیابی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ، ادویات کی قلت کسی صورت قابل قبول نہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...