اسلام آباد :ایمان مزاری ، ہادی چٹھہ پرفردجرم عائدنہ ہوسکی

اسلام آباد :ایمان مزاری ، ہادی چٹھہ پرفردجرم عائدنہ ہوسکی

اڈیالہ جیل میں بجلی بند،ملزمان کو بذریعہ ویڈیو لنک عدالت پیش نہ کیا جا سکا آئندہ سماعت پر ملزمان کی حاضری یقینی بنائی جائے:انسداددہشتگردی عدالت

اسلام آباد (اپنے نامہ نگارسے )اڈیالہ جیل میں بجلی کی بندش کے باعث عدم پیشی پر ایمان مزاری اور انکے شوہر ہادی علی چٹھہ کے خلاف فرد جرم ٹل گئی،انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد کے جج طاہر عباس سپرا نے ملزمان کے خلاف انٹرنیشنل کرکٹ ٹیم کی آمد  پر روٹ توڑنے اور لوگوں میں اشتعال پیدا کرنے کے کیس کی سماعت کی، پراسیکیوٹر راجا نوید اور ملزمان کے مرکزی وکلا کے جونیئر عدالت میں پیش ہوئے ،جونیئر وکیل نے استدعا کی کہ مرکزی وکلا ہائیکورٹ میں ہیں لہٰذا عدالت چالان کی کاپیاں اور تاریخ دے دے ،جج طاہر عباس سپرا نے ریمارکس دیئے کہ چالان کی کاپیاں پہلے ہی دی جا چکی ہیں، آج عدالت نے اس کیس میں فرد جرم عائد کرنا ہے ، مرکزی وکلا ساڑھے گیارہ بجے عدالت پیش ہوں پھر فرد جرم عائد کی جائے گی۔عدالت نے کیس کی سماعت میں ساڑھے گیارہ بجے تک وقفہ کیا تاہم اڈیالہ جیل میں بجلی کی بندش کے باعث ملزمان کو ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت پیش نہ کیا جا سکا جس کے سبب فرد جرم عائد نہ کی جا سکی۔جج طاہر عباس سپرا نے ہدایت کی کہ جیل حکام آئندہ سماعت پر ملزمان کی ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری یقینی بنائیں، بصورت دیگر جیل حکام کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے گی، جیل حکام ایمان مزاری اور ہادی کی وکلا سے ملاقات یقینی بنائیں،عدالت نے کیس کی سماعت کل تک ملتوی کر دی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...