ایک عوامی نمائندہ منفی سیاست کر رہا ہے :محسن نقوی

ایک عوامی نمائندہ منفی سیاست کر رہا ہے :محسن نقوی

عوام منتخب نمائندوں پر نظر رکھیں، نام لئے بغیر وزیراعلیٰ پختونخوا پر تنقید

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک)  وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر محسن نقوی نے خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا نام لئے بغیر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے  کہ ایک عوامی نمائندہ منفی سیاست کر رہا ہے ۔ عوام اپنے منتخب نمائندوں کے وقت اور کارکردگی کا جائزہ لیں کہ وہ عوامی خدمت میں مصروف ہیں یا منفی سیاست میں، حتمی فیصلہ عوام ہی کریں گے ۔کشمیر چوک انڈرپاس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا تمام منتخب نمائندے عوام کو جوابدہ ہیں، عوام کو دیکھنا چاہیے کہ ان کے نمائندے اپنا وقت کس طرح گزار رہے ہیں۔ ایک منتخب نمائندے نے ایک ماہ کے دوران نہ دفتر کا دورہ کیا نہ کوئی اجلاس منعقد کیا، جبکہ دوسرا نمائندہ ایک گھنٹے کا وقفہ کیے بغیر عوامی کاموں میں مصروف رہتا ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا وفاقی دارالحکومت کو ترقی دینا وزیراعظم شہباز شریف کے وژن کا حصہ ہے ، خصوصاً آئندہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کانفرنس کے تناظر میں شہر کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے ۔ تمام ترقیاتی منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا نئے انڈرپاس اور ایکسپریس وے کی سروس لینز کی تکمیل سے راولپنڈی اور اسلام آباد کے درمیان سفر کا دورانیہ کم ہوکر 16 سے 18 منٹ رہ جائے گا۔ حکومتی پالیسی کے تحت 31 دسمبر تک اسلام آباد کو مکمل طور پر ‘‘پلاسٹک فری سٹی’’ بنانے کے ہدف پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ ایف-9 پارک کو لندن کے ہائیڈ پارک کی طرز پر بہتر بنانے جبکہ اسلام آباد میں 450 ایکڑ پر محیط سفاری پارک قائم کرنے کا منصوبہ بھی ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...