مجھے کالیں کرواتے ہیں:جسٹس ارباب کی سماعت سے معذرت
آپ کا کام ایسے نہیں ہوگا،یہ غلط اور نامناسب ،درخواست گزاروں پراظہاربرہمی ڈیپوٹیشن پرتعینات سیکشن افسروں کاکیس نئے بینچ کیلئے چیف جسٹس کوبھیج دیا گیا
اسلام آباد(رضوان قاضی)اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے ڈیپوٹیشن پرتعینات سیکشن آفیسرز کی اپنے متعلقہ صوبوں میں واپسی کے فیصلہ کے خلاف کیس میں درخواست گزاروں کی جانب سے اپروچ کیے جانے پرسخت برہمی کااظہار کرتے ہوئے نئے بینچ کی تشکیل کیلئے فائل چیف جسٹس آفس کو بھجوا دی،جسٹس ارب محمد طاہر نے کیس سننے سے معذرت کرلی اورشدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے درخواست گزاروں سے کہا آپ سفارشیں کرواتے ہیں،مجھے کالیں کرواتے ہیں،آپ کا کام ایسے نہیں ہوگا، یہ غلط اور نامناسب بات ہے ،درخواست گزاروں نے مجھے اپروچ کرنے کی کوشش کی ہے ،اِنہوں نے مجھے فون کالز کروائی ہیں، ایسے نہیں ہوتا،درخواست گزاروں کے وکیل راجہ علیم عباسی نے کہا ڈیپوٹیشن پر تعینات یہ سیکشن آفیسرز بنیادی طور پر اساتذہ ہیں،اِنہوں نے اپنے متعلقہ صوبوں میں واپسی کے فیصلے کو چیلنج کیا ہے اور چاہتے ہیں اِنہیں (OMG)میں ضم کر لیا جائے ، جسٹس ارباب محمد طاہر نے کہا وہ سب ٹھیک ہے لیکن اِنہوں نے مجھے کالیں کروائی ہیں، یہ نامناسب بات ہے ،درخواست گزاروں میں خالد محمود، محمد عارف، دلشاد احمد،سعید چودھری، ڈاکٹر اسماعیل اور نجیب اللہ شامل ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments