مستحق طبقات کو فیول سبسڈی کی فراہمی یقینی بنا ئی جائے :اسحاق ڈار

 مستحق طبقات کو فیول سبسڈی کی  فراہمی یقینی بنا ئی جائے :اسحاق ڈار

اسلام آباد (دنیا نیوز،وقائع نگار )نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے مستحق طبقات کو سہولتوں کی فراہمی کے لئے بھرپور کوششیں کرنے اور متعلقہ وزارتوں کے درمیان روابط بہتر بنانے کی ہدایت کی ۔

انہوں نے کہا کہ دستیاب وسائل کا مؤثر استعمال یقینی بنایا جائے تاکہ مستحق افراد کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے ۔نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی زیر صدارت وزیراعظم فیول ریلیف سکیم کے حوالے سے مشترکہ اجلاس ہوا، جس میں نیشنل سٹیئرنگ کمیٹی اور میڈیا مینجمنٹ کمیٹی کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا ، اجلاس میں سکیم پر عملدرآمد اور متعلقہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،اسحاق ڈار نے سکیم کے مقاصد کے حصول کے لئے متعلقہ وزارتوں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری کی اہمیت پر زور دیا، اجلاس میں تمام صوبائی حکومتوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی حکومتوں کی تجاویز اور تعاون کو سراہا گیا۔ اجلاس میں وزیر آئی ٹی، وزیر ماحولیاتی تبدیلی، وزیر پٹرولیم، وزیر مملکت برائے خزانہ، وزیراعظم کے معاون خصوصی اور متعلقہ وزارتوں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی،دریں اثنا نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے جرمنی کے لئے پاکستان کے نامزد سفیر سلمان شریف نے ملاقات کی ، دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے سلمان شریف کو نئی ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد دی اور پاکستان اور جرمنی کے تعلقات، بالخصوص اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے ، تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا۔اسحاق ڈار نے کہا کہ جرمنی میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ قریبی روابط برقرار رکھنا، ان کی فلاح و بہبود کے لئے معاونت فراہم کرنا اور مؤثر قونصلر خدمات یقینی بنانا سفارت خانے کی اہم ترجیحات میں شامل ہونا چا ہئے ۔ انہوں نے وزیراعظم آفس میں جوائنٹ سیکرٹری کی حیثیت سے سلمان شریف کی سابقہ خدمات کو سراہتے ہوئے نئی ذمہ داریوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...