فیول سبسڈی سکیم ان شاء اللہ چلتی رہے گی:شہباز شریف
مستفید ہونے والوں کی تعداد ایک کروڑ سے زیادہ:وزرا، افسروں سے خطاب
اسلام آباد (نامہ نگار) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ فیول سبسڈی سکیم ان شاء اللہ چلتی رہے گی، اس سے مستفید ہونے والوں کی تعداد ایک کروڑ سے تجاوز کرچکی ہے ، اس کیلئے 75 ارب روپے کے فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔ وزیراعظم نے وزرا اور افسروں کے اعزاز میں عصرانہ دیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جس طریقے سے وفاق نے صوبوں کی مدد سے مکمل یکجہتی کے ساتھ پٹرول سبسڈی فراہم کی، اسے سراہتا ہوں، صوبائی وزرائے اعلیٰ کو خط لکھ کر ذاتی طور پر ان کا شکریہ ادا کیا ہے ۔شہباز شریف نے کہا کہ موٹر سائیکلوں، چنگ چی، رکشوں اور 800 سی سی گاڑی رکھنے والے ایک کروڑ سے زائد افراد نے پٹرول پمپوں پر ماہانہ 2 ہزار روپے کا فائدہ حاصل کیا ہے اور کررہے ہیں۔ یہ براہ راست بھی اور بالواسطہ بھی فائدہ ہے ، مجموعی طور پر 5 کروڑ افراد نے براہ راست اور بالواسطہ فائدہ حاصل کیا ہے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ میں آپ سب کا فرداً فرداً شکریہ ادا کرتا ہوں۔ اس موقع پر وزیراعظم نے وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ کو بہترین خدمات پر 23 مارچ کو تمغہ دینے کا اعلان کیا جبکہ دیگر محکموں کے حکام کو شیلڈز دی جائیں گی۔دریں اثنا شہباز شریف نے وزیراعظم اپنا گھر پروگرام، چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباری اداروں اور زرعی شعبے کو قرضوں کی فراہمی میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے بینکوں کی کاوشوں کو سراہنے کیلئے بینکوں کے صدور و سی ای اوز کے وفد سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری ادارے پاکستان کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، ان کی ترقی سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments