پی آئی اے :فضائی سفر کی جدید سہولتیں فراہم کرنے کا آغاز
ناروے کی نورس اٹلانٹک سے 2بوئنگ 9-787 ڈریم لائنرز کے حصول کا معاہدہ نومبر سے پاکستان، برطانیہ کے درمیان جدید طیاروں سے پروازیں شروع،ترجمان
کراچی (دنیامانیٹرنگ)پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کی بڑھتی ہوئی سفری طلب کو پورا کرنے اور اپنی طویل فاصلے کی پروازوں کی گنجائش میں اضافے کے لیے ناروے کی فضائی کمپنی نورس اٹلانٹک ایئر ویز کے ساتھ دو جدید بوئنگ 9-787 ڈریم لائنرز طیاروں کے حصول کا معاہدہ طے پا گیا ہے ۔معاہدے کے تحت نورس اٹلانٹک پی آئی اے کو دو بوئنگ 9-787 ڈریم لائنرز فراہم کرے گی۔ترجمان پی آئی اے کے مطابق طیاروں کے حصول کے لیے ناروے میں منعقدہ تقریب میں چیف ایگزیکٹو آفیسر، پی آئی اے ایئر وائس مارشل عامر حیات اور نورس اٹلانٹنک ایئر ویز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر آوینڈ رولڈ نے معاہدے پر دستخط کئے ۔ نئے طیاروں کے ذریعے پی آئی اے کی پاکستان سے برطانیہ کے درمیان طویل فاصلے کی پروازوں کی گنجائش میں اضافہ ہوگا، جبکہ بیرون ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی کو پاکستان کے لیے براہ راست سفر کے مزید مواقع میسر آئیں گے ۔نئے طیاروں کے ذریعے اسلام آباد اور لاہور سے برطانیہ کے لئے پروازوں کا آغاز نومبر 2026ء کے پہلے ہفتے سے ہو گا۔چیف ایگزیکٹو آفیسر، پی آئی اے ائیر وائس مارشل عامر حیات نے کہا کہ نورس اٹلانٹک کے ساتھ یہ شراکت داری پاکستان اور برطانیہ کے درمیان فضائی رابطے کو مزید مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ برطانیہ میں مقیم بڑی پاکستانی کمیونٹی کے لیے دونوں ممالک کے درمیان سفر کے مزید مواقع پیدا کرے گی۔ ایونڈ روالڈ، چیف ایگزیکٹو آفیسر، نورس اٹلانٹک ایئر ویز نے کہا کہ پی آئی اے کے ساتھ یہ معاہدہ نورس اٹلانٹک کی طویل فاصلے کی پروازوں کے لیے جدید ڈریم لائنر طیاروں کو مختلف بین الاقوامی مواقع کے مطابق مؤثر انداز میں استعمال کرنے کی حکمت عملی کا حصہ ہے ۔ پی آئی اے اور نورس اٹلانٹک کے درمیان ہونے والا معاہدہ دونوں ایئرلائنز کے درمیان مستقبل میں مزید اسٹرٹیجک تعاون کے امکانات بھی پیدا کرتا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments