مکہ معاہدہ خطے میں استحکام کی ضمانت ،سعودیہ کا دفاع کیا جائیگا:ترجمان پاک فوج

مکہ  معاہدہ  خطے  میں  استحکام  کی  ضمانت ،سعودیہ  کا  دفاع   کیا  جائیگا:ترجمان  پاک  فوج

معاہدے کا مقصد کسی کو دشمن یا دوست قرار دینا نہیں ،کسی ممکنہ خطرہ کو ناکام بنانے کیلئے مشترکہ دفاعی قوت کا کام کریگا ایران امریکا جنگ کے خاتمے اور معاہدہ کی کوششیں جاری ہیں :لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف کی سی این این کو انٹرویو کی مزید تفصیلات

راولپنڈی (خصوصی نیوز رپورٹر،دنیا نیوز)پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ  جنرل احمد شریف چودھری نے کہاہے کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان ہونے والا مکہ مشترکہ دفاعی معاہد ہ خطے میں امن و استحکام کی ضمانت ہے ،معاہدہ کسی بھی ممکنہ خطرے کو ناکام بنانے کیلئے مشترکہ دفاعی قوت کا کام کرے گا، پاکستانی افواج مختلف صلاحیتوں اورشعبوں میں کئی دہائیوں سے سعودی عرب میں موجود ہیں، سعودی عرب کا دفاع کیا جائیگا، یہ معاہدہ اچانک وجود میں آنے والا اتحاد نہیں۔ امریکی نشریاتی ادارے سی این این کو دئیے گئے انٹرویوکی جاری مزیدتفصیلات کے مطابق ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت عملی کارروائی کے حوالے سے واضح کیا کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کا نفاذ اور اس کے نتیجے میں سامنے آنے والے تمام اثرات خالصتا دفاعی نوعیت کے ہوں گے ،یہ کس طرح ہوگا، کون سا دستہ وہاں جائے گا اور اسے کس انداز میں استعمال کیا جائے گا، اس کا فیصلہ آپریشنل کمانڈرز کریں گے ۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ کو خطے کے استحکام کی ضمانت قرار دیتے کہا کہ خطے میں حالیہ برسوں میں نئے سکیورٹی چیلنجز نے جنم لیا ہے ، مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ کسی بھی ممکنہ خطرے کو ناکام بنانے کی مشترکہ دفاعی قوت کا کام کرے گا ،کسی بھی ملک پر حملہ سب پر حملہ تصور ہوگا، جس کو دیکھتے ہوئے کوئی بھی عناصر مذموم مقاصد کو عملی جامہ پہنانے سے پہلے کئی بار سوچیں گے ، اس کا مقصد کسی کو دشمن یا دوست قرار دینا نہیں، ایک مقصد سعودی عرب کا دفاع کرنا ہے اور سعودی عرب کا دفاع کیا جائے گا۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے امریکا، ایران جنگ کے خاتمے کیلئے معاہدے کی کوششوں کے حوالے سے کہا کہ ہم نے پہلے بھی کردار ادا کیا، اب بھی کر رہے ہیں اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے تاکہ اختلافات کم ہوں اور مذاکرات کے ذریعے پرامن حل نکلے ، ہم چاہتے ہیں یہ تنازع مزید نہ پھیلے ، پاکستان نے انتہائی دیانت دار ثالث کے طور پرغیر جانبداری سے امریکا ایران جنگ بندی کیلئے اہم کردارادا کیا ہے ، ہمارا مفاد علاقائی امن اوراستحکام میں ہے اورہم نے اپنے تمام شراکت داروں اور دوستوں کو بتایا ہے کہ جنگ کو مزید پھیلانے سے کسی کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...