کے پی میں گورنر راج عوامی مینڈیٹ کی توہین:زین شاہ
کراچی (این این آئی) سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے صدر اور تحریک تحفظ آئین پاکستان کے کنوینر سید زین شاہ نے خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ منتخب صوبائی حکومت کا خاتمہ وہاں کے عوام کے دیے گئے مینڈیٹ کی توہین ہے۔
ایک بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ کیا اس ملک میں کوئی یہ کہہ سکتا ہے کہ آئین و قانون کی حکمرانی ہے ؟ ملک میں طاقت کے بل بوتے پر حکومت کی جا رہی ہے ، تاہم حکمرانوں کو عوام کی طاقت کا اندازہ نہیں۔انہوں نے کہا کہ منتخب وزیراعلیٰ سہیل احمد آفریدی کی گرفتاری عوامی مینڈیٹ، آئین اور جمہوری اقدار پر سنگین حملہ ہے ۔ انہوں نے وزیراعلیٰ کی گرفتاری اور منتخب حکومت کے خاتمے کی پرزور مذمت کی۔سید زین شاہ نے کہا کہ جمہوری روایات کو برقرار رکھنے کے بجائے اقتدار میں موجود عناصر پرامن شہریوں اور اپنے آئینی و قانونی حقوق کا مطالبہ کرنے والوں کے خلاف تشدد اور گرفتاریوں کا سہارا لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک دن عوام کی حکمرانی قائم ہوگی۔انہوں نے کہا کہ پرامن ماحول اور سیاسی استحکام گفت و شنید کے ذریعے پیدا کیا جا سکتا ہے ، تشدد اور نفرت کے ذریعے نہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج کا نفاذ عوام کے بنیادی حقوق پر ضرب لگانے کے مترادف ہے ، جس کے نتائج اچھے نہیں ہوں گے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments