کوئٹہ :پاک فوج کا تربیتی طیارہ گر کر تباہ،دونوں پائلٹ شہید

کوئٹہ :پاک فوج کا تربیتی طیارہ گر کر تباہ،دونوں پائلٹ شہید

شہدا میں انسٹرکٹرپائلٹ میجرحسنین ، زیرتربیت پائلٹ کیپٹن عبدالصمد شامل طیارہ حادثہ تکنیکی خرابی کے باعث ہوا:ترجمان پاک فوج، وزیراعظم کا اظہار افسوس

کوئٹہ،اسلام آباد،لاہور(سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک،نامہ نگار)کوئٹہ میں پاک فوج کے ایوی ایشن ونگ کا تربیتی طیارہ گر کر تباہ ، دونوں پائلٹ شہید ہو گئے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کوئٹہ کے علاقے نواں کلی کے قریب زیر تربیت مشاق طیارہ گزشتہ دوپہرمعمول کی تربیتی پرواز پر تھا کہ اس دوران تکنیکی خرابی کے باعث حادثے کا شکار ہوگیا،حادثے میں طیارے کے دونوں پائلٹس انسٹرکٹرپائلٹ میجرحسنین شہزاد اور زیرِتربیت پائلٹ کیپٹن عبدالصمد شہید ہو گئے ۔دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف نے تربیتی طیارے کے حادثے میں میجر حسنین شہزاد ہمایوں اور کیپٹن عبدالصمد کی شہادت پر اظہارِ افسوس کیا ہے ۔ انہوں نے شہدا کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے اپنے تعزیتی بیان میں کہا ہے کہ ملک کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ہمارے بہادر سپوت قوم کا فخر ہیں، پوری قوم شہدا کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ان کے اہلِ خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے ۔دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی تربیتی طیارے کے حادثے میں پائلٹس کی شہادت پر اظہار افسوس کیا ہے ، اپنے تعزیتی بیان میں انہوں نے دونوں شہدا میجر حسنین شہزاد ہمایوں اور کیپٹن عبدالصمد کو خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔ 

 

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...