بلوچستان:مختلف علاقوں سے 6 افراد کی تشدد زدہ لاشیں برآمد
واشک سے ملی لاشوں کی فہیم، مجید کے ناموں سے شناخت،سندھ سے تعلق چکلی میں مارے گئے 2افراد کا پسنی سے ہی تعلق، دیگر کی شناخت نہیں ہوسکی
کوئٹہ(مانیٹرنگ ڈیسک)بلوچستان کے دو مختلف علاقوں سے 6افراد کی تشدد زدہ لاشیں برآمد ہوئیں جن میں سے دو کا تعلق سندھ سے ہے ۔ان میں سے چار افراد کی لاشیں ضلع گوادر کے علاقے پسنی سے برآمد ہوئیں جن کی موت گولی لگنے کی وجہ سے ہوئی تھی۔پسنی میں پولیس کے ایک سینئر اہلکار حیات بلوچ نے بتایا کہ پسنی سے چار افراد کی لاشیں دو مختلف علاقوں سے برآمد ہوئیں۔دو افراد کی لاشیں صبح کے وقت چکلی کے علاقے سے ملیں جبکہ دو دیگر لاشیں شام کو کوکو نٹ فارم کے قریب سے ملیں۔انہوں نے بتایا کہ چاروں افراد کی موت گولی لگنے کی وجہ سے ہوئی،تاحال ان افراد کی ہلاکت کے محرکات معلوم نہیں ہوسکے ۔انہوں نے بتایا کہ جن دو افراد کی لاشیں چکلی کے علاقے سے برآمد ہوئیں ان کی شناخت ہوئی ہے اور ان دونوں افراد کا تعلق پسنی سے تھا جبکہ دوسرے دو افراد کی تاحال شناخت نہیں ہوئی ہے ۔
ادھر بلوچستان کے ایران سے متصل ضلع واشک سے بھی دو افراد کی لاشیں ملیں۔ واشک میں پولیس کے ایک اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ دونوں افراد کی لاشیں ضلع کے علاقے حُرماگئے سے ملیں جنہیں نامعلوم مسلح افراد نے اتوار کے روز فائرنگ کرکے ہلاک کیا تھا۔پولیس اہلکار کے مطابق ان افراد کی شناخت فہیم اور مجید کے ناموں سے ہوئی جن کا تعلق صوبہ سندھ سے بتایا جاتا ہے ۔پولیس اہلکار نے بتایا اس واقعے کے بھی تاحال محرکات معلوم نہیں ہوسکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments