اسحاق ڈار کی تاجک وزیراعظم سے ملاقات، قریبی تعاون کا عزم
دوشنبے(دنیا نیوز،اے پی پی)نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے تاجکستان کے وزیراعظم قاہر رسول زادہ سے ملاقات کی اور علاقائی امن کے فروغ اور گہرے اقتصادی انضمام کے لیے تاجکستان کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
نائب وزیراعظم نے پرتپاک مہمان نوازی اور اپنے وفد کے لیے کیے گئے انتظامات پر تاجکستان کے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور شنگھائی تعاون تنظیم(ایس سی او) کے سربراہان حکومت کی کونسل کے اجلاس کے انتظامات کو سراہا۔ انہوں نے تاجکستان کو آزادی کی 35ویں سالگرہ پر بھی مبارکباد دی۔دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا اور تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، رابطہ کاری، دفاع اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے عوامی سطح پر روابط کے فروغ پر بھی زور دیا۔
اس کے علاوہ موسمیاتی تبدیلی اور آبی تحفظ کے شعبوں میں تعاون کی اہمیت کو اجاگر کیا۔پاکستان کی آفات سے نمٹنے کی مہارت کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے قومی ادارے (این ڈی ایم اے ) کے ذریعے تاجکستان کے ساتھ تعاون کے امکانات پر زور دیا۔دونوں رہنماؤں نے علاقائی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے علاقائی امن کے فروغ اور گہرے اقتصادی انضمام کے لیے تاجکستان کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔بعد ازاں اسحاق ڈار نے تاجک وزیراعظم کے عشائیے میں شرکت کی ،اس موقع پر انہوں نے مختلف ممالک کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کیں۔
ایس سی او کے سربراہان حکومت کی کونسل (سی ایچ جی)کے اجلاس میں بیلاروس، چین، قازقستان، کرغزستان، روس، تاجکستان اور ازبکستان کے وزرائے اعظم، ایران کے نائب صدر اور بھارت کے وزیر خارجہ اپنے اپنے ممالک کی نمائندگی کریں گے ۔سی ایچ جی شنگھائی تعاون تنظیم کا دوسرا اعلی ترین فیصلہ ساز ادارہ ہے جو تنظیم کے اقتصادی، مالیاتی، تجارت، رابطہ کاری، کاروبار، سماجی و اقتصادی تعاون اور بجٹ سے متعلق امور میں رہنمائی فراہم کرتا ہے ۔ سی ایچ جی ایک مشترکہ اعلامیہ، بیانات اور اہم فیصلوں کی بھی منظوری دے گی۔دورے کے دوران نائب وزیراعظم تاجکستان کے صدر سے بھی ملاقات کریں گے جبکہ سی ایچ جی اجلاس کے موقع پر شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے اپنے ہم منصبوں کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments