جنگیں رکوانا کریڈٹ نہیں، چاہتے ہیں مستقبل میں جنگیں نہ ہوں : محسن نقوی

جنگیں رکوانا کریڈٹ نہیں، چاہتے ہیں مستقبل میں جنگیں نہ ہوں : محسن نقوی

ایران ، امریکا کشیدگی کے دوران پاکستان نے امن کا راستہ چنا، فریقین کو مذاکرات کی میز پر لانے کیلئے کلیدی کردار ادا کیا مکہ معاہدہ دفاعی تعاون کا مظہر ہے ،جنگ کا نہیں، دہشت گردی کے خاتمے کیلئے انٹیلی جنس شیئرنگ ناگزیر :دوحہ میں خطاب

دوحہ(اے پی پی،این این آئی)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان نے خطے میں امن کے قیام، کشیدگی کے خاتمے اور فریقین کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے ہمیشہ کلیدی کردار ادا کیا ہے، پاکستان جنگیں رکوانے کا کوئی کریڈٹ نہیں چاہتا بلکہ ایک ایسا پرامن مستقبل چاہتا ہے جہاں سرے سے جنگیں شروع ہی نہ ہوں،قطر کے دارالحکومت دوحہ میں گلوبل سکیورٹی فورم 2026 سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے قطر کی دانشمندانہ سفارت کاری اور امن کوششوں کی تعریف کی۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کے دوران پاکستان نے ہمیشہ امن اور بات چیت کا راستہ چنا۔ انہوں نے اس تناظر میں پاکستان کے چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کے عالمی قائدین سے روابط اور مسلسل سفارتی کوششوں نے مذاکرات کی راہیں ہموار کیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مکہ جوائنٹ ڈیفنس معاہدہ دفاعی تعاون کا مظہر ہے نہ کہ جنگ کا، کیونکہ کوئی بھی ملک اپنے پڑوس میں تنازعات کی موجودگی میں دیرپا امن حاصل نہیں کر سکتا۔

دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے ہزاروں شہریوں، فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے جانیں قربان کیں اور پاکستان نے اقوام متحدہ کے امن مشنز میں بھی ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے ۔انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مشترکہ انٹیلی جنس شیئرنگ اور قریبی تعاون ناگزیر ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...