بجلی صارفین کو مینوئل،من مانے ڈیٹیکشن بل جاری کرنے پر پابندی:خلاف ورزی پر سخت سزائیں:وزیر توانائی

بجلی  صارفین  کو  مینوئل،من  مانے  ڈیٹیکشن  بل  جاری  کرنے  پر  پابندی:خلاف  ورزی  پر  سخت  سزائیں:وزیر توانائی

ڈیٹیکشن بلنگ مرکزی پورٹل سے ہوگی ، ڈیٹیکشن بل کا دورانیہ تین بلنگ سائیکلز ،خراب یا جلا میٹر فوری یا دو بلنگ سائیکلز میں تبدیل بجلی چوری روکنا ترجیح ، شہریوں پر من مانا بوجھ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی،اویس لغاری ،ڈسکوز کے بورڈ آف ڈائریکٹرز سے خطاب

اسلام آباد(نامہ نگار)وزیر توانائی اویس لغاری نے ڈسکوز (بجلی تقسیم کار کمپنیوں )کی جانب سے صارفین کو اضافی اور غلط بل ڈالنے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے تنبیہ کی ہے کہ آئندہ کسی بھی صارف کو غلط ڈیٹیکشن بل نہیں دیا جائے  گا، ڈسکوز کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے سخت اور جامع اصلاحاتی فریم ورک نافذ کرنے کی باضابطہ ہدایات جاری کردیں،انہوں نے واضح کیا کہ بجلی چوری کی روک تھام بلا شبہ قومی ترجیح ہے لیکن بے گناہ شہریوں پر من مانا بوجھ ڈالنے کی اجازت ہرگز نہیں دی جاسکتی، اس فریم ورک کے تحت فیلڈ عملے کے صوابدیدی اختیارات کو مکمل طور پر ضابطے کا پابند بنایا جا رہا ہے تاکہ عوام کو تحفظ ملے اور ساتھ ہی ساتھ بجلی چوری کے خلاف ایمانداری سے فرائض انجام دینے والے افسروں کے راستے میں بھی کوئی رکاوٹ پیدا نہ ہو،وفاقی وزیر کی ہدایات کی روشنی میں پاور ڈویژن تمام ڈسکوز کو پابند کر رہی ہے کہ اب ڈیٹیکشن بلنگ صرف اور صرف پی آئی ٹی سی کے مرکزی آن لائن پورٹل کے ذریعے ہی عمل میں لائی جائے گی، فیلڈ عملے یا ایس ڈی اوز کی جانب سے دستی اور من مانے ڈیٹیکشن بل جاری کرنے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

مینوئل طریقے سے بل ڈالنے کے عمل کو باضابطہ طور پر سنگین مس کنڈکٹ تصور کیا جائے گا جس پر متعلقہ افسروں و اہلکاروں کے خلاف سخت انضباطی کارروائی عمل میں لاتے ہوئے بڑی سزائیں دی جائیں گی، نئے فریم ورک کے تحت خراب یا جلے ہوئے میٹرز کو فوری طور پر یا زیادہ سے زیادہ دو بلنگ سائیکلز کے اندر تبدیل کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے جبکہ اس دوران اوسط بلنگ کا بوجھ بھی صرف دو ماہ تک ہی محدود رہے گا،انہوں نے کہا کہ میٹر کی رفتار سست یا تیز ثابت ہونے کی صورت میں ریکوری یا کریڈٹ ایڈجسٹمنٹ کو سختی کے ساتھ پچھلے دو بلنگ سائیکلز تک محدود رکھا جا سکے گا، اسی طرح ڈیٹیکشن بلنگ کے دورانیے کو بھی واضح ضابطے میں لاتے ہوئے غیر قانونی استعمال پر عام صارفین کے لیے ڈیٹیکشن بل کا دورانیہ تین بلنگ سائیکلز مقرر کرنے کی تجویز دی گئی ہے ۔ رجسٹرڈ صارفین کے لیے ڈیٹیکشن کی زیادہ سے زیادہ حد 6 ماہ جبکہ غیر رجسٹرڈ صارفین کے لیے 12 ماہ تک محدود کی جائے گی،انہوں نے کہا کہ اصلاحاتی نظام کے تحت ڈسکوز کے بورڈ آف ڈائریکٹرز اور ان کی کسٹمر سروسز کمیٹیوں کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ ہر ماہ ڈیٹیکشن بلوں کی درستگی، شفافیت اور جائز ریکوری کا خود باقاعدگی سے تفصیلی جائزہ لیں گی، اویس احمد خان لغاری نے عزم کا اعادہ کیا ہے کہ حکومت کا مقصد بجلی کے شعبے کو صارف دوست بنانا اور ہر سطح پر مکمل جوابدہی کو یقینی بنانا ہے ۔ صارفین کے حقوق کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور کسی کو بھی قانون اور قواعد و ضوابط سے بالاتر ہو کر عوام کا معاشی استحصال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...