زرعی پالیسی کا اعلان نہ ہونے سے آبادگار پریشان، صدرالدین شاہ

زرعی پالیسی کا اعلان نہ ہونے سے آبادگار پریشان، صدرالدین شاہ

حکومت بیج قیمتوں، کھاد کی دستیابی و دیگر ضروریات کے حوالے سے واضح پالیسی بنائے وفاق، سندھ حکومت کسانوں کے مسائل حل کریں ،سابق وزیر خیر محمد جونیجو سے ملاقات

کراچی (اسٹاف رپورٹر)مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے صدر صدرالدین شاہ راشدی نے سندھ میں زرعی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومتی پالیسیوں اور بروقت فیصلے نہ ہونے کے باعث آبادگاروں اور کسانوں کو شدید مشکلات اور مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ،سندھ کی معیشت کا بڑا حصہ زراعت سے وابستہ ہے ، لیکن زرعی شعبے کو درپیش مسائل کے باعث آبادگاروں کی مشکلات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ، جس کے اثرات نہ صرف کسانوں بلکہ عام شہریوں اور صوبے کی مجموعی معیشت پر بھی مرتب ہو رہے ہیں۔ فنکشنل لیگ ہاؤس میں سابق وفاقی وزیر خیر محمد جونیجو سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ سندھ میں گندم کی بوائی پنجاب سے پہلے شروع ہوتی ہے ، اس کے باوجود حکومت کی جانب سے بیج کی قیمت اور دیگر ضروری زرعی معاملات پر بروقت پالیسی کا اعلان نہ ہونے سے آبادگار شدید پریشانی کا شکار ہیں، حکومت گندم کی کاشت کے سیزن کو مدنظر رکھتے ہوئے بیج کی قیمتوں، کھاد کی دستیابی اور دیگر زرعی ضروریات کے حوالے سے واضح پالیسی مرتب کرے تاکہ کسان بروقت فصل کی کاشت کر سکیں اور انہیں غیر یقینی صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔

انہوں نے کہا گنے کی کرشنگ شروع کرنے کے حوالے سے واضح اعلان نہ ہونے کی وجہ سے گنے کی کاشت اور آئندہ فصلوں کے شیڈول پر منفی اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ہے ،حکومت فوری شوگر ملوں میں کرشنگ سیزن شروع کرنے کے حوالے سے واضح شیڈول جاری کرے ۔انہوں نے پانی کی قلت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے پانی کے حصے کو متاثر کرنے والی اضافی نہروں کے معاملے کا فوری جائزہ لیا جائے ۔انہوں نے کہا کوٹری بیراج کے ذریعے پانی کی بروقت فراہمی زرعی سرگرمیوں کے لیے انتہائی اہم ہے ،پانی کی تاخیر سے دستیابی کے باعث چاول سمیت مختلف فصلیں متاثر ہوتی ہیں اور آبادگاروں کو بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑتا ہے ۔ انہوں نے حکومت سندھ اور وفاقی حکومت پر زور دیا کہ وہ آبادگاروں اور کسانوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں تاکہ سندھ کے زرعی شعبے کو مزید نقصان سے بچایا جا سکے اور کسانوں کو معاشی استحکام فراہم کیا جا سکے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...