ایرن جنگ غیر ضروری ،اوباما کی ٹرمپ پر کڑی تنقید

ایرن جنگ غیر ضروری ،اوباما کی ٹرمپ پر کڑی تنقید

ہم نے میزائل چلائے بغیر ایران کو جوہری ہتھیار بنانے سے روکا:سابق صدر دو سالہ افراتفری، بدعنوانی اورنااہلی کے بعد عوام کے پاس تبدیلی کا موقع ہے

واشنگٹن (نیو زایجنسیاں)سابق امریکی صدر باراک اوباما نے اوہائیو میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ کی پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور عوام سے  تبدیلی کے لیے ووٹ دینے کی اپیل کی۔ اوباما نے کہا کہ دو سالہ افراتفری، بدعنوانی اور نااہلی کے بعد عوام کے پاس تبدیلی کا موقع ہے ۔ انہوں نے مہنگائی اور ایندھن کی بڑھتی قیمتوں کا ذمہ دار ٹرمپ انتظامیہ کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ صدر نے غیر ضروری ایران جنگ شروع کرنے کا فیصلہ کیا۔ اوباما نے ووٹرز پر زور دیا کہ وہ قبل از وقت ووٹنگ سے فائدہ اٹھائیں۔اوباما نے ایران کے خلاف جنگ شروع کرنے کے فیصلے پر صدر ٹرمپ کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ میری انتظامیہ نے معاہدے کے ذریعے ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روک دیا تھا اور اس کے لیے ایک میزائل بھی نہیں چلانا پڑا تھا۔ایران کے پاس جوہری ہتھیار نہیں تھے کیونکہ انھوں نے ایسا معاہدہ کیا تھا جس کے بارے میں سب متفق تھے کہ وہ ایران کو جوہری ہتھیار بنانے سے روکے گا۔انھوں نے کہا کہ مجھے ایک میزائل بھی نہیں چلانا پڑا، میں نے صرف سفارت کاری کا راستہ اختیار کیا تھا۔ٹرمپ کی جانب سے 2015 کے جوہری معاہدے سے علیحدگی اور ایران کے خلاف جنگ شروع کرنے کا حوالہ دیتے ہوئے اوباما نے کہا کہ انھوں نے معاہدے سے علیحدگی اختیار کی اور یہ جنگ شروع کر دی۔ اب سات ماہ گزر چکے ہیں اور انھیں فتح کا اعلان کیے بھی چھ ماہ ہو چکے ہیں۔

تو یہ جنگ کیسی جا رہی ہے ؟،سابق امریکی صدر نے کہا کہ امر یکا کے اتحادیوں اور فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا گیا، امریکی شہری ہلاک ہوئے ، سینکڑوں زخمی ہوئے اور امریکا کے میزائلوں کے ذخائر میں بھی کمی آئی ہے ۔اوباما نے کہا کہ اب آبنائے ہرمز سے تیل کی ترسیل کے معاملے پر عملاً ایران کو ویٹو کا اختیار حاصل ہو گیا ہے ۔ ان کے مطابق اس صورتِ حال کے باعث امر یکا میں تیل، ڈیزل اور دیگر اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے ۔دوسری جانب امریکی صدر ٹرمپ نے سابق صدر باراک اوباما کی تنقید کا سخت الفاظ میں جواب دیا ہے اور کہا ہے کہ اوباما نے اپنے دورِ صدارت میں ایران کو اربوں ڈالر دئیے اور اس کے لیے جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی راہ ہموار کی۔ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پر لکھا کہ اوباما انتہائی نااہل صدر تھے ۔ انھوں نے ایران کو اربوں ڈالر دیئے اور اس ملک کے لیے جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی راہ ہموار کی۔امریکی صدر نے 2016 کے صدارتی انتخاب میں ہیلری کلنٹن اور 2024 کے انتخاب میں کملا ہیرس کی حمایت کرنے پر بھی اوباما کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ دونوں امیدواروں کو شکست ہوئی تھی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...