ٹرائی سیریز ،سنسنی خیز مقابلہ ،شاداب نے انگلینڈ سے فتح چھین لی
154 رنز پر 9 وکٹیں گرنے کے بعد 48 ویں اوور میں 242 کا ہدف حاصل 97 رنز پر شاداب کو امپائر نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ دیا ، ریویو میں ناٹ آؤٹ قرار
لاہور(سپورٹس ڈیسک)سہ ملکی ون ڈے سیریز کے چوتھے میچ میں شاداب خان کی شاندار سنچری کی بدولت پاکستان نے انگلینڈ کو شکست دے دی۔لاہور میں کھیلے گئے سہ ملکی سیریز کے چوتھے ون ڈے میچ میں شاداب خان نے کیریئر کی پہلی سنچری بنا کر پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد فتح دلا دی۔ پاکستان کی 154 رنز پر 9 وکٹیں گرنے کے بعد شکست یقینی دکھائی دے رہی تھی، تاہم شاداب نے ہمت نہ ہاری اور ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کردیا۔ 97 رنز کے انفرادی سکور پر شاداب خان کو امپائر نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ دے دیا تھا تاہم ریویو میں وہ ناٹ آؤٹ قرار دئیے گئے ۔ پاکستان نے 48 ویں اوور میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 242 رنز کا ہدف پورا کرلیا۔آخری وکٹ پر شاداب خان اور حارث رؤف نے 89 رنز کی ناقابلِ شکست شراکت قائم کی۔ حارث رؤف نے 19 گیندوں پر 17 رنز بنائے اور چوکا لگا کر میچ کا فیصلہ کن شاٹ کھیلا۔ سعد بیگ نے 22 گیندوں پر 32 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جس میں 7 چوکے شامل تھے ، جبکہ سلمان علی آغا نے 26 اور حسن نواز نے 15 رنز بنائے ۔
اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو انگلینڈ کی ٹیم 47ویں اوور میں 241 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ بین ڈکٹ نے 105 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ سیم کرن 42 رنز بنا کر نمایاں رہے ۔ پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے 4، رضا اللہ اور عرفات منہاس نے 2،2 جبکہ حارث رؤف نے ایک وکٹ حاصل کی۔دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف اور صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے سہ ملکی ون ڈے سیریز میں انگلینڈ کے خلاف شاندار فتح پر قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دی۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف شاندار فتح پر قومی ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ شاداب خان اور حارث کے درمیان آخری وکٹ کی شراکت نے میچ کا پانسہ پلٹ دیا جبکہ شاداب کی شاندار سنچری غیرمعمولی کارکردگی تھی۔ صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بھی قومی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا، شاداب کو شاندار سنچری سکور کرنے اور حارث رؤف کے ساتھ آخری وکٹ کی فیصلہ کن شراکت پر مبارک باد دی اور کہا کہ کھلاڑیوں نے عزم، حوصلے اور بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو یادگار فتح سے ہمکنار کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments