ہر مسنگ پرسن انسان،پولیس ذمہ داری نبھائے ،ہائیکورٹ

ہر مسنگ پرسن انسان،پولیس ذمہ داری نبھائے ،ہائیکورٹ

ایک ہی رپورٹ بار بار پیش کرکے لاپتا افرادکی تلاش ختم نہیں ہوجاتی بازیابی سے متعلق درخواستوں پر پولیس کو اقدامات جاری رکھنے کی ہدایت

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ نے لاپتا افراد کی بازیابی سے متعلق دس سے زائد درخواستوں کی سماعت کے دوران پولیس کو لاپتا شہریوں کی تلاش کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ ہر مسنگ پرسن ایک انسان ہے ، اس کی معلومات اور تحفظ سے متعلق خدشات ہوتے ہیں، تفتیشی افسران کو سمجھنا چاہیے کہ ایک ہی رپورٹ بار بار پیش کرنے سے لاپتا شہریوں کی تلاش کی ذمہ داری ختم نہیں ہوجاتی۔ عدالت نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کا حق ہے کہ حکام سنجیدگی سے کوششیں کریں، عدالت امید کرتی ہے کہ پولیس پیشہ ورانہ انداز میں اپنی ذمہ داری نبھائے گی۔ سماعت کے دوران پولیس نے رپورٹ پیش کی کہ شہری فیصل ایس آئی یو اور کھارادر تھانے کے مقدمات میں گرفتار ہے ، کلفٹن سے لاپتا غلام نبی راولپنڈی کے دو مقدمات میں گرفتار ہے جبکہ کورنگی صنعتی علاقے سے لاپتا اختر علی اور فیروز آباد سے لاپتا سعد عالم بحفاظت گھروں کو واپس آچکے ہیں۔ وکیل درخواست گزار کے مطابق محمود آباد سے لاپتا یحیی کا تاحال سراغ نہیں مل سکا، جس پر تفتیشی افسر نے بتایا کہ سی سی ٹی وی فوٹیجز فرانزک جانچ کے لیے پنجاب فرانزک لیبارٹری بھیجی گئی ہیں۔ عدالت نے نشاندہی کی کہ تفتیشی افسر گزشتہ سماعت پر بھی یہی رپورٹ پیش کرچکا ہے اور لاپتا شہری کی بازیابی کے لیے کوششیں جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ دوسری جانب قائد آباد سے لاپتا شہریوں کے وکیل نے بتایا کہ ان کے مؤکلوں کو غیر ملکی قرار دے کر فارن ہولڈنگ پوائنٹ میں رکھا گیا ہے اور شہریت کی تصدیق کے لیے سی آئی اے کے ذریعے نادرا حکام کے روبرو پیش کیا گیا، تاہم نادرا کی رپورٹ تاحال موصول نہیں ہوئی۔ عدالت نے ان درخواستوں کو مسنگ پرسنز کی کیٹیگری سے خارج کرکے ریگولر کیس کے طور پر چلانے کا حکم دیتے ہوئے آئندہ سماعت پر نادرا حکام سے شہریت سے متعلق رپورٹ طلب کرلی۔ عدالت نے لاپتا افراد کے کیسز کی پیروی نہ کرنے والے درخواست گزاروں کو دوبارہ نوٹس جاری کرنے کی بھی ہدایت کردی۔

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...