ورلڈ بینک :سندھ میں بلدیاتی سہولیات کیلئے 15کروڑ ڈالر منظور
کراچی کی 25 بلدیاتی کونسلز کے 35 لاکھ 80 ہزار شہری مستفید ہوں گے پراپرٹی ٹیکس وصولی کے لیے جدید ڈیجیٹل نظام بھی متعارف کرایا جائے گا
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک )ورلڈ بینک نے سندھ میں بلدیاتی سہولیات بہتر بنانے اور پراپرٹی ٹیکس وصولی کا نظام مؤثر بنانے کے لیے 15 کروڑ ڈالر کا پروگرام منظور کرلیا۔ورلڈ بینک کے اعلامیے کے مطابق پروگرام کے تحت کراچی میں سالانہ پراپرٹی ٹیکس وصولی 85 لاکھ ڈالر سے بڑھا کر 8 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ، جبکہ ٹیکس ادائیگی کی شرح 20 فیصد سے بڑھا کر 50 فیصد کی جائے گی۔پروگرام سے کراچی کی 25 بلدیاتی کونسلز کے 35 لاکھ 80 ہزار شہری مستفید ہوں گے جبکہ پراپرٹی ٹیکس وصولی کے لیے جدید ڈیجیٹل نظام بھی متعارف کرایا جائے گا۔اعلامیے کے مطابق پراپرٹی ٹیکس سے حاصل آمدن کا 70 فیصد بلدیاتی سہولیات پر خرچ کیا جائے گا۔
جن میں نکاسی آب، سیوریج، سکولوں، سڑکوں کی بحالی، فائر سٹیشنز اور سٹریٹ لائٹس کی بہتری شامل ہے ۔ورلڈ بینک کے مطابق سندھ کی بلدیاتی کونسلز کی 95 فیصد سے زائد آمدن صوبائی حکومت سے ملنے والی مالی منتقلیوں پر منحصر ہے ۔پروگرام کے تحت سندھ کے دیگر شہروں کی 20 بلدیاتی کونسلز میں پراپرٹی سروے بھی کیا جائے گا جبکہ ان شہری علاقوں کے 45 لاکھ افراد بالواسطہ مستفید ہوں گے ۔اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے محفوظ بلدیاتی انفراسٹرکچر کی بحالی بھی پروگرام کا حصہ ہوگی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments