حوثیوں کاداغا گیا میزائل ، ڈرون تباہ کر دیا:سعودی اتحاد
حوثیوں کی سعودی کمپنی آرامکو ، فضائی حدود کو نشانہ بنانے کی نئی دھمکی حوثیوں کے زیر قبضہ بندرگاہ راس عیسیٰ پر سعودی اتحاد کے فضائی حملے سعودی عرب کے تحفظ کیلئے اپنے وعدوں پر قائم :امریکی وزیر خارجہ
ریاض،صنعا(اے ایف پی)سعودی فوجی اتحاد نے دعویٰ کیا ہے کہ یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے داغا گیا ایک بیلسٹک میزائل فضا ہی میں روک کر تباہ کر دیا ہے ۔ میزائل کو جنوبی علاقے کی جانب بڑھتے ہوئے نشانہ بنایا گیا۔صوبہ عسیر میں ایک ڈرون کو بھی روک کر مار گرایا گیا۔ یمن میں سعودی عرب کی قیادت میں قائم فوجی اتحاد نے حوثی باغیوں کے زیر قبضہ صوبہ حدیدہ کی اہم بندرگاہ راس عیسیٰ پر فضائی حملے کیے ہیں۔ حوثی میڈیا کے مطابق اتوار کو سعودی طیاروں نے بندرگاہ پر دو فضائی حملے کیے ، حوثی میڈیا نے حدیدہ یونیورسٹی کے شعبہ طب پر بھی فضائی حملوں کی اطلاع دی ہے ۔سعودی قیادت میں قائم فوجی اتحاد نے حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ حوثیوں کے زیر استعمال اہم وسائل کو غیر موثر بنانے کیلئے درست نشانہ بندی کے ساتھ کارروائی کی گئی۔یمن کے حوثی باغیوں نے سعودی عرب کی قومی تیل کمپنی آرامکو کی تنصیبات اور مملکت کی فضائی حدود کو استعمال کرنے والی بین الاقوامی فضائی کمپنیوں کو ایک بار پھر دھمکی دے دی۔
ایک نامعلوم فوجی عہدیدار نے کہا ہے کہ آرامکو کی تنصیبات یمنی مسلح افواج کی دسترس میں ہیں اور ان میں سرمایہ کاری نقصان کا باعث بن سکتی ہے ۔ عہدیدار نے بین الاقوامی فضائی کمپنیوں کو مکہ اور مدینہ کے علاوہ سعودی فضائی حدود استعمال نہ کرنے کی تنبیہ بھی کی۔ ادھر یمن میں تازہ لڑائی کے باعث مغربی علاقوں سے 3 لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہوچکے ہیں۔امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ امریکا سعودی عرب کے ساتھ اپنے دفاعی معاہدوں اور سکیورٹی وعدوں کا پابند ہے اور آئندہ بھی ان پر عمل کرتا رہے گا، امریکامملکت کو درپیش خطرات سے نمٹنے میں تعاون جاری رکھے گا۔بلومبرگ کے مطابق، 10 اکتوبر سے 27 اکتوبر کے درمیان ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے روانہ ہونے والی تقریباً 94 فیصد پروازیں حوثیوں کے حملوں کے بعد منسوخ کر دی گئیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments