پاکستانی باکسر عابدہ بتول عالمی ایٹم ویٹ ٹائٹل جیت گئیں
پاکستانی باکسر عابدہ بتول عالمی ایٹم ویٹ ٹائٹل جیت گئیں تھائی باکسر وانڈی سینونگ کھروٹ کو 5ویں راؤنڈ میں ٹیکنیکل ناک آؤٹ کردیا
لاہور (سپورٹس ڈیسک )کوئٹہ سے تعلق رکھنے والی پاکستانی خاتون باکسرعابدہ بتول نے تھائی لینڈ میں باکسنگ کا عالمی ٹائٹل اپنے نام کر لیا ۔انہوں نے آٹھ راؤنڈز پر مشتمل مقابلے کے پانچویں راؤنڈ میں تھائی حریف کو ٹیکنیکل ناک آؤٹ کرکے عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔عابدہ بتول نے ایک روز قبل تھائی لینڈ کے شہر پتایا میں ویمنز انٹرنیشنل باکسنگ ایسوسی ایشن کے عالمی ایٹم ویٹ ٹائٹل کے لئے تھائی باکسر وانڈی سینونگ کھروٹ کا مقابلہ کیا۔ یہ فائٹ ایف سی سی سٹیڈیم میں بریو ہارٹس کے نام سے ہونے والے باکسنگ ایونٹ کا حصہ تھی۔ مقابلے کے دوران عابدہ بتول نے اپنی حریف کے مقابلے میں تیز رفتار، ہاتھوں اور پاؤں کی پھرتی اور مسلسل مکے برسانے کی صلاحیت کا مظاہرہ کیا اور پانچویں راؤنڈ میں انہیں ٹیکنیکل ناک آؤٹ کر دیا جس پر انہیں چیمپئن بیلٹ سے نوازاگیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments