گورنر راج کیخلاف عوامی احتجاج نہ ہونا سوالیہ نشان ،لیاقت بلوچ
لیوی پر حکومتی و جماعت اسلامی کی کمیٹیوں کا اجلاس آج ہوگا، پشاور میں پریس کانفرنس
پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک)جماعت اسلامی کے قائم مقام امیر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی قیادت نے لانگ مارچ کے دوران بڑے بڑے دعوے کیے ، عوامی مینڈیٹ کے بلند و بانگ دعوؤں کے باوجود کے پی میں گورنر راج کے خلاف عوامی احتجاج نہ ہونا بڑا سوالیہ نشان ہے ۔ پشاور میں ایمرجنسی کے نفاذ والے مخصوص بارہ اضلاع کے امرا اور ذمہ داران کے اجلاس میں شرکت کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہو ئے انہوں نے کہا پی ٹی آئی اپنی حکومت کے خاتمے کے خلاف بھی عوامی سطح پر باہر نہیں نکلی۔ صوبے میں ہر قیمت پر عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جانا چاہیے ، صوبے کا ایک اہم اور سنگین مسئلہ معدنیات کا ہے ، اس لیے معدنی وسائل پر صوبے کا حقِ ملکیت تسلیم کیا جائے ۔ پاکستان اور افغانستان کے تعلقات بہتر بنانے کے لیے ضروری ہے کہ افغان حکومت ہوش مندی کا مظاہرہ کرے ۔حکومت کی جانب سے خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا عندیہ خوش آئند ہے ، جماعت اسلامی بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی۔ انہوں نے کہا پٹرولیم لیوی پر مذاکرات کے لیے حکومت اور جماعت اسلامی کی کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں اور آ ج ان کمیٹیوں کا اجلاس ہو رہا ہے ۔ اگر حکومت کی جانب سے عوام کو ریلیف دینے کا اعلان نہ کیا گیا تو لانگ مارچ نومبر کے وسط میں اسلام آباد کی جانب دوبارہ شروع کیا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments