انتخابی اصلاحات کمیٹی، حکومت کا پی پی، متحدہ کو خط،نام طلب
ایم کیو ایم ایک ، پیپلز پارٹی پانچ نام ارسال کرے ، طارق فضل کا چیف وہپس کو خط
اسلام آباد (نامہ نگار، دنیا رپورٹ،اے پی پی)وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل نے انتخابی اصلاحات کمیٹی کے لئے پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم پاکستان سے نام بھجوانے کے لئے خطوط ارسال کردیئے ۔ وزیر پارلیمانی امور کے ترجمان کے مطابق ڈاکٹر طارق فضل کی جانب سے پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم پاکستان کے قومی اسمبلی میں چیف وہپس کو لکھے گئے خطوط میں کہا گیا ہے کہ قومی اسمبلی میں قواعدوضوابط کے قاعدہ 244( B) کے تحت انتخابی اصلاحات کمیٹی کے قیام کے لئے تحریک کی منظوری دی گئی تھی، اس ضمن میں انہیں سپیکر سے خط بھی موصول ہوا ہے جس کے تحت ایم کیو ایم اس کمیٹی کے رکن کے طور پر ایک جبکہ پیپلز پارٹی پانچ ارکان کے نام نام جلد از جلد ارسال کرے ۔ علاوہ ازیں انتخابی اصلاحات کی پارلیمانی کمیٹی میں حکومتی اتحادی جماعتوں کو نمائندگی دینے کے لیے مسلم لیگ (ن) نے اپنی نشستیں کم کرنے پر غور شروع کر دیا ۔حکومتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف تمام اتحادی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنے کے خواہاں ہیں، ذرائع کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ق)، استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) اور مسلم لیگ (ضیاء) کا ایک ایک رکن قومی اسمبلی کمیٹی میں شامل کیے جانے کا امکان ہے ۔ اتحادی جماعتوں کی شمولیت کے نتیجے میں قومی اسمبلی سے مسلم لیگ (ن) کی نمائندگی نو ارکان سے کم ہو جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments