امریکا کا سٹیٹ بینک میں سسکو نیٹ ورک تنصیب کا خیر مقدم
امریکی ناظم الامور کا گورنر مرکزی بینک ،سسکو سسٹمز کی اعلیٰ قیادت کے ہمراہ دفتر کا دورہ نیٹلی بیکر کاجدید مالیاتی نظام کو استحکام دینے میں قابل اعتماد، محفوظ ٹیکنالوجی کی اہمیت پر زور
کراچی (سٹاف رپورٹر) امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے سٹیٹ بینک آف پاکستان کے گورنر جمیل احمد اور سسکو سسٹمز پاکستان کی اعلیٰ قیادت کے ہمراہ اسٹیٹ بینک کے مرکزی دفتر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر سٹیٹ بینک کے نئے مرکزی بینکاری نیٹ ورک اور سافٹ ویئر پر مبنی ڈیٹا سینٹر کی کامیاب تنصیب کے حوالے سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ امریکی ٹیکنالوجی کے ممتاز ادارے سسکو کے سپرد کیا جانے والا یہ کثیرالمالیاتی منصوبہ پاکستان کے اہم ترین مالیاتی بنیادی ڈھانچے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی سمت ایک اہم پیشرفت ہے ۔ اس منصوبے کے تحت ایک محفوظ، لچکدار و جدید ترین ڈیٹا سینٹر کی ساخت قائم کی گئی ہے ، جس کا مقصد ملک میں مالیاتی استحکام کو تحفظ فراہم کرنا اور بلا تعطل و قابل اعتماد ڈیجیٹل بینکنگ خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے جدید مالیاتی نظام کو استحکام دینے میں قابل اعتماد اور محفوظ ٹیکنالوجی کی اہمیت پر زور دیااور امریکہ و پاکستان کے درمیان بڑھتے ہوئے تجارتی روابط کو سراہا۔
انہوں نے کہا مرکزی بینک کا بنیادی انچہ دراصل قوم کی ایک اہم امانت ہے ، جو ملک کی اقتصادی استواری اور عوام کے اعتماد کا محور بنتا ہے ۔ سٹیٹ بینک کا امریکی صنعت و ٹیکنالوجی پر اعتماد کا یہ فیصلہ معیار، سکیورٹی اور طویل المدتی پائیداری کی جانب ایک بہترین قدم ہے ۔ امریکا، پاکستان کے ساتھ اپنی دیرینہ تجارتی شراکت داری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ہم پاکستانی اداروں کو امریکی جدت اور عالمی معیار سے جوڑنے کا سلسلہ جاری رکھنے کے لیے مکمل تیار ہیں۔اس موقع پر گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد اور سسکو کے کنٹری جنرل منیجر کاشف الحق نے دونوں اداروں کی مشترکہ انجینئرنگ کاوشوں کو سراہا، جن کی بدولت مرکزی بینک کی روزمرہ خدمات کو متاثر کیے بغیر اس پیچیدہ نظام کی تنصیب اور ڈیٹا کی منتقلی کا مرحلہ کامیابی سے طے پایا۔ یہ تقریب نجی شعبے کے اشتراکِ عمل کی ترغیب، شفاف اور محفوظ ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی پذیرائی، اور پاک-امریکا باہمی تجارتی و سرمایہ کارانہ روابط کو مزید استحکام بخشنے کے حوالے سے امریکی حکومت کے پختہ عزم کی مظہر ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments