اعلیٰ تعلیمی ادارے قومی ترقی، معاشی استحکام کے اہم ستون،ناصرشاہ

اعلیٰ تعلیمی ادارے قومی ترقی، معاشی استحکام کے اہم ستون،ناصرشاہ

این ای ڈی یونیورسٹی میں منعقدہ 16ویں بین الاقوامی سول انجینئرنگ کانفرنس سے خطاب

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر بلدیات، ہاؤسنگ و ٹاؤن پلاننگ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ حکومت سندھ اعلیٰ تعلیم، تحقیق، جدت اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کو صوبے کی ترقی اور نوجوان نسل کے روشن مستقبل کے لیے بنیادی اہمیت دیتی ہے ، سندھ حکومت سرکاری جامعات کو مالی معاونت، بنیادی ڈھانچے کی بہتری، تحقیقی منصوبوں اور ڈیجیٹل مہارتوں کے فروغ کے ذریعے مستحکم بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے تاکہ سندھ کے نوجوان بدلتی ہوئی عالمی معیشت اور جدید ٹیکنالوجی کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہو سکیں۔ این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں منعقدہ 16ویں بین الاقوامی سول انجینئرنگ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ آج کا دور علم، تحقیق، جدت اور ٹیکنالوجی کا دور ہے ، جس میں کسی بھی ملک اور معاشرے کی ترقی کا انحصار اس بات پر ہے کہ وہ اپنے نوجوانوں کو جدید علوم اور پیشہ ورانہ مہارتوں سے کس حد تک آراستہ کرتا ہے ، سندھ حکومت اس حقیقت سے بخوبی آگاہ ہے کہ اعلیٰ تعلیم کے ادارے محض ڈگریاں دینے کے مراکز نہیں بلکہ قومی ترقی، معاشی استحکام اور سماجی تبدیلی کے اہم ستون ہیں۔ صوبائی حکومت سرکاری جامعات کو مالی معاونت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی، جدید تعلیمی سہولیات کی فراہمی، تحقیقی سرگرمیوں اور ڈیجیٹل مہارتوں کے فروغ کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہے ۔

گوگل اور دیگر بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون سے شروع کیے گئے پروگرام بھی اسی وسیع تر حکمت عملی کا حصہ ہیں، جن کا مقصد نوجوانوں کو جدید ڈیجیٹل معیشت کے لیے تیار کرنا اور انہیں عالمی سطح پر روزگار اور کاروبار کے نئے مواقع سے مستفید ہونے کے قابل بنانا ہے ۔ انہوں نے کہا ہمارا وژن ہے کہ سندھ کے طلبہ، اساتذہ اور محققین کو مصنوعی ذہانت، جدید انجینئرنگ، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور دیگر ابھرتے ہوئے شعبوں میں آگے بڑھنے کے بھرپور مواقع فراہم کیے جائیں۔ ناصر شاہ نے کہا پاکستان کو درپیش بنیادی ڈھانچے کے مسائل کا حل روایتی طریقہ کار کے بجائے جدید تحقیق، سائنسی بنیادوں پر منصوبہ بندی اور جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال میں پوشیدہ ہے ۔ جامعات اور تحقیقی اداروں کو چاہیے کہ وہ اپنے تحقیقی کام کو عملی ضروریات سے منسلک کریں تاکہ ان کے نتائج عام شہریوں کی زندگی بہتر بنانے اور قومی ترقی میں براہ راست معاون ثابت ہوں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ 16ویں بین الاقوامی سول انجینئرنگ کانفرنس بامعنی علمی مباحثوں، جدید تحقیقی نتائج اور مؤثر تجاویز کو فروغ دے گی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...