لاہور ہائیکورٹ کا نجی میڈیکل کالجز کو طلبہ کی اضافی فیس واپس کرنے کا حکم

لاہور ہائیکورٹ کا نجی میڈیکل کالجز کو طلبہ کی اضافی فیس واپس کرنے کا حکم

پی ایم ڈی سی کو فیس مقرر کرنے اور نگرانی کا قانونی اختیار حاصل ہے ، میڈیکل کالجز کی تین درخواستیں مسترد یو ایم سی فیصل آباد کو 8 لاکھ 41 ہزار ، ایف ایم ایچ لاہور کو 7 لاکھ 41 ہزار فی طالبعلم واپس کرنے کی ہدایت

لاہور (کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ نے نجی میڈیکل و ڈینٹل کالجز کی جانب سے من مانی فیسیں وصول کرنے کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے اضافی فیس طلبہ و طالبات کو واپس کرنے کا حکم دیتے ہوئے قرار دیا ہے کہ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی)کو نجی میڈیکل کالجز کی فیسوں کی زیادہ سے زیادہ حد مقرر کرنے اور اس کی نگرانی کا قانونی اختیار حاصل ہے ۔ جسٹس خالد اسحاق نے نجی میڈیکل اداروں کی جانب سے فیس کی حد مقرر کرنے سے متعلق پی ایم اینڈ ڈی سی کے نوٹیفکیشنز کو چیلنج کرنے کی آئینی درخواستیں مسترد جبکہ طلبہ کی جانب سے دائر فیس کی مقررہ حد پر عملدرآمد کی 12 درخواستیں منظور کرلیں۔جسٹس خالد اسحاق نے 28 صفحات پر مشتمل فیصلے میں قرار دیا ہے کہ پی ایم اینڈ ڈی سی باقاعدہ ریگولیٹری ادارہ ہے اور اسے نجی میڈیکل و ڈینٹل اداروں کی فیس کے حوالے سے ضابطہ سازی اور نگرانی کا اختیار حاصل ہے، اداروں کی جانب سے فیس کے جواز، مالی گوشوارے اور مجوزہ فیس کا ریکارڈ ریگولیٹر کے سامنے پیش کرنا قانونی تقاضا ہے۔

عدالت کے مطابق نجی میڈیکل کالجز کی فیس کے حوالے سے پی ایم اینڈ ڈی سی نے 28 اپریل 2025ء کو ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس پروگرامز کی سالانہ ٹیوشن فیس 18 لاکھ روپے مقرر کی ،بعد ازاں 6 اکتوبر 2025ء کے نوٹیفکیشن کے ذریعے 2025-26 کے تعلیمی سیشن کیلئے فیس کی حد 18 لاکھ 90 ہزار روپے مقرر کردی۔ فیس کے معاملے پر قائم کمیٹی نے نجی میڈیکل اداروں کے آڈٹ شدہ مالی گوشواروں کا جائزہ لیا ،کمیٹی نے یونیورسٹی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج فیصل آباد کو فی طالب علم 8 لاکھ 41 ہزار 317 روپے اضافی وصول شدہ رقم واپس کرنے کا ذمہ دار قرار دیا، اسی طرح ایف ایم ایچ کالج آف میڈیسن اینڈ ڈینٹسٹری لاہور میں فی طالب علم 7 لاکھ 41 ہزار 802 روپے اضافی وصولی کی نشاندہی کی گئی۔

عدالت نے قرار دیا کہ پی ایم اینڈ ڈی سی کی جانب سے 11 مارچ 2026ء کو جاری نوٹیفکیشن کے تحت آڈٹ شدہ مالی گوشواروں اور فیس کے جواز کا جائزہ لینے کے بعد مختلف اداروں کے لیے فیس کی مختلف بالائی حدیں مقرر کی گئیں، یونیورسٹی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج فیصل آباد کیلئے سالانہ ٹیوشن فیس 20 لاکھ 26 ہزار 341 روپے جبکہ ایف ایم ایچ کالج آف میڈیسن اینڈ ڈینٹسٹری لاہور کیلئے 20 لاکھ 52 ہزار 99 روپے مقرر کی گئی تھی۔لاہور ہائیکورٹ نے نجی میڈیکل اداروں کی جانب سے پی ایم اینڈ ڈی سی کے فیس نوٹیفکیشنز کو چیلنج کرنے والی تین آئینی درخواستیں خارج کرتے ہوئے طلبہ کی جانب سے دائر 12 درخواستیں منظور کرلیں اور پی ایم اینڈ ڈی سی و متعلقہ اداروں کو نوٹیفکیشنز پر عملدرآمد کا حکم دے دیا۔ عدالت نے مزید قرار دیا کہ زائد وصول شدہ فیس کی ایڈجسٹمنٹ یا واپسی کا معاملہ متعلقہ ادارے 30 اکتوبر 2026ء سے 30 ورکنگ دن کے اندر مکمل کریں گے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...