ہزارہ ایکسپریس کی اکانومی کلاس کوچ پٹڑی سے اتر گئی
حادثے میں تمام مسافر محفوظ رہے ، متاثرہ کوچ الگ کرکے ٹرین روانہ کردی گئی
ملتان (خصوصی رپورٹر)کراچی سے راولپنڈی جانے والی ہزارہ ایکسپریس (11 اپ) کی ایک اکانومی کلاس کوچ شورکوٹ ریلوے اسٹیشن پر لوپ لائن میں داخل ہوتے ہوئے پٹری سے اتر گئی، تاہم حادثے میں تمام مسافر محفوظ رہے ۔ متاثرہ کوچ کو ٹرین سے الگ کرکے مسافروں کو دیگر کوچز میں منتقل کر دیا گیا، جس کے بعد ٹرین دو گھنٹے کی تاخیر سے منزل کی جانب روانہ ہوگئی۔ریلوے ذرائع کے مطابق ہفتے کی صبح 6 بج کر 20 منٹ پر پیش آنے والے حادثے میں انجن سے نویں نمبر پر موجود اکانومی کلاس کوچ پٹری سے اتری۔
واقعے کے فوری بعد متاثرہ کوچ کو ٹرین سے علیحدہ کر دیا گیا اور اس میں سوار تمام مسافروں کو دیگر کوچز میں بحفاظت منتقل کر دیا گیا۔لوپ لائن کی بحالی اور متاثرہ ٹریک کی کلیئرنس کے لئے ملتان سے ریلیف کرین اور ریسکیو ٹرک روانہ کر دئیے گئے ، جبکہ متعلقہ ریلوے افسر اور عملہ بھی موقع پر پہنچ گیا۔ریلوے حکام کے مطابق حادثے کے باوجود اپ اور ڈاؤن مین لائن پر ٹرینوں کی آمدورفت معمول کے مطابق جاری رہی اور دونوں اطراف سے ٹرین آپریشن متاثر نہیں ہوا۔ حکام نے واقعے کی وجوہات جاننے کے لئے باقاعدہ تحقیقات شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments