عمران کی صحت پر انتہائی تشویش، قوم آواز بلند کرے :سلمان اکرم
192 بلڈ پریشر انتہائی خطرناک ، حکومت سے صرف صحت کی ضمانت مانگ رہے :بیان سہیل آفریدی، سپیکر پختونخوا اسمبلی ودیگر کو فوری سامنے لایا جائے :اسد قیصر،شفیع جان
اسلام آباد،پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ عمران خان قوم کا ہیرو ہے ، ان کے بلڈ پریشر کا 192 تک جانا انتہائی خطرناک ہے ، بانی پی ٹی آئی کی صحت پر سلمان صفدر کی بریفنگ انتہائی تشویشناک ہے ، ہم حکومت سے صرف عمران خان کی صحت کی ضمانت مانگ رہے ہیں۔سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ’’ایکس ‘‘پر جاری اپنے ویڈیو بیان میں سلمان اکرم راجا نے کہا کہ پوری قوم سے میری ایک ہی التجا ہے عمران خان کی جیل میں صحت ٹھیک نہیں، ان کی زندگی کا تحفظ ضروری ہے ، پوری قوم کو آواز بلند کرنی چاہئے، سپریم کورٹ کے 18 اگست کے حکم پر فی الفور عمل کیا جائے ، ان کے ذاتی معالجین کو ان تک رسائی دی جائے۔
ادھر تحریک انصاف کے رہنما وسابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے خیبر پختونخوا میں کارکنوں کے گھروں پر چھاپوں کی مذمت کرتے انہیں فوری بند کرنے اور گرفتار کارکنوں کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے ۔ اپنے ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا کہ سہیل آفریدی، سپیکر پختونخوا اسمبلی، جنید اکبر، اراکین اسمبلی اور وزرا بارے معلوم نہیں وہ کہاں ہیں، انہیں فوری عوام کے سامنے لایا جائے ، خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی ختم کی جائے ،عمران خان کی صحت بارے شدید تشویش ہے ، انہیں فوری ہسپتال منتقل کیا جائے ۔ تحریک انصاف کے رہنما شفیع جان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ چار ہفتے گزر چکے ،وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اور صوبائی اسمبلی کے سپیکر تاحال لاپتہ ہیں، وفاقی حکومت کی ترجیحات دہشتگردی کا خاتمہ نہیں بلکہ تحریک انصاف کو سیاسی طور پر ختم کرنا دکھائی دیتی ہیں،تجاوزات کے نام پر غریب عوام کے خلاف بھی کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments